دورہ پاکستان کا فیصلہ سیکیورٹی جائزے کے بعد ہوگا، مصطفی کمال

BCB

BCB

اسلام آباد : (جیوڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان دورے کا حتمی فیصلہ سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے آئی سی سی کا کردار بھی اہم ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سیکورٹی وفد کی اسلام آباد آمد پر وزارت داخلہ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش بھی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ بنگلہ دیش کی وزارت داخلہ کرے گی۔

رحمان ملک نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی کی ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مہمان ٹیم کے تحفظ میں کوئی کمی نہیں چھوڑے گا جبکہ اس سلسلے میں بنگلہ دیش کے سیکورٹی آفیشلز سے بھی ماہرانہ رائے لی جائے گی۔رحمان ملک نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورے کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت پاکستان پی سی بی کے ساتھ ہے جبکہ مصطفی کمال کہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ شائقین کی طرح بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بھی پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کا خواہش مند ہے۔