دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھوں گا۔ چوہدری اسلم

Chaudhry Aslam

Chaudhry Aslam

کراچی : ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کا کہنا ہے کہ القاعدہ اور کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں تاہم وہ اس طرح کی کارروائی سے خوف زدہ نہیں ہوں گے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ چوہدری اسلم نے ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے وقت وہ خود گھر میں موجود تھے۔ بزدل دہشت گردوں نے سوئے ہوئے لوگوں پر حملہ کیا۔ اس واردات میں ان کی ایک بچی بھی زخمی ہوئی ہے۔ جبکہ شہید ہونے والے افراد بھی ان کی فیملی کی طرح ہیں۔ ان کا کہنا تھا وہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔
دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے رہیں گے۔ ایس ایس پی کراچی راجہ عمر خطاب نے دہشت گرد کارروائی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دہشت گردوں کی جانب سے کارروائی کا اندازہ تو تھا مگر یہ اندازہ نہیں تھا کہ دہشت گرد اتنی بڑی کارروائی کرلیں گے۔ راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ خود کش حملے میں اندازا چار سے پانچ سو کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ راجہ عمر خطاب کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ ایک ایسی جنگ ہے جس میں انہیں معلوم ہے کہ انجام کیا ہوگا۔ مگر انجام کے ڈر سے یہ جنگ ختم نہیں کی جاسکتی۔
چوہدری اسلم ایک فرض شناس اور بہادر پولیس افسر ہیں ان کا حوصلہ بلند ہے اور وہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف تن دہی سے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔