دہشتگردی میں ملوث افراد کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم

karachi Police

karachi Police

کراچی(جیوڈیسک)فائرنگ اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث افراد کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم، کراچی اور کوئٹہ میں ڈبل سواری اور ہر قسم کا اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی لگا دی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے اعلان کیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کراچی اور کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات ہونے کا خدشہ ہے۔ دونوں شہروں میں کل صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محرم کے دوران بغریر کاغذات کوئی گاڑی سڑک پر نہیں آئے گی جبکہ ہر قسم کا اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی. موبائل سروس بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فائرنگ اور دہشتگردی میں ملوث افراد کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات خراب کرنے میں تیسری قوت ملوث اور سرگرم ہے۔ دہشتگرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ دہشتگردوں سے متعلق کل سینیٹ میں بتائوں گا۔ دہشتگردوں کی تفصیلات بتانے ان کیمرہ بریفنگ دینے کی درخواست کی ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی حیدر آباد اور خیر پور میں اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی لگادی ہے جبکہ خصوصی اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ پابندی کا اطلاق کراچی، حیدر آباد اور خیر پور میں ہوگا جبکہ محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں وال چاکنگ پر پابندی لگا دی ہے جس کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمے نے بدین میں بھی گیارہ محرم تک موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی لگا دی ہے۔ کراچی میں نومبر سے گیارہ محرم الحرم تک پہلے ہی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔