دہشت گردی کیخلاف دفاع پاکستان کونسل کا امن مارچ کا اعلان

Maulana Sami ul Haq

Maulana Sami ul Haq

لاہور (جیوڈیسک)دفاع پاکستان کونسل نے کراچی میں امن و امان کے قیام اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سولہ دسمبر کو ریگل چوک لاہور سے واہگہ بارڈر تک امن مارچ کرنے اور تیس دسمبر کو کل جماعتی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔لاہور میں مولانا سمیع الحق کی زیر صدارت ہونے والے دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام دینی اور سیاسی جماعتیں ملک میں قیام امن کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گی۔ اجلاس میں کراچی کے بگڑتے ہوئے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہر میں خون ریزی کو روکنے اور قیام امن کے لئے ایم کیو ایم، اے این پی سمیت تمام جماعتوں کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سترہ دسمبر کو لاہور میں کراچی امن کانفرنس کا انعقاد جبکہ تیس دسمبر کو کل جماعتی کانفرنس کراچی میں منعقد کی جائے گی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ بیرونی ہاتھ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ کونسل کے زیر اہتمام پانچ جنوری دو ہزار تیرہ کو حق خود ارادیت کشمیر کے حوالے سے اسلام آباد میں کانفرنس جبکہ پانچ فروری کو یوم کشمیر کے موقعے پر لیاقت باغ راولپنڈی سے اسلام آباد تک مارچ کیا جائے گا۔