دہشت گردی کے خلاف قانون سازی کی ضرورت ہے ، رحمان ملک

Rehman Malik

Rehman Malik

میلان (جیوڈیسک) وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے، دنیا کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ میلان میں انٹر پول جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اسلام کے بارے میں من گھڑت تشریح کر رہے ہیں۔ پاکستان مختلف ملکوں سے مفرور دہشت گردوں کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے زمینی حقائق کو سمجھنا ہو گا اور اس مقصد کیلئے مشترکہ اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ دور میں دہشت گردی دنیا کے سب سے بڑے جرم کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ اس کے خاتمے کے لئے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

رحمان ملک نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 40 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ ملالہ یوسف زئی پر دہشت گرد حملہ انتہائی تشویشناک ہے۔ اس سے پہلے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سلمان تاثیر بھی دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔