رمضان کی آمد آمد، گھی اور تیل کی قیمتوں میں 2 روپے فی کلو اضافہ

oil

oil

کراچی : (جیو ڈیسک) لگتا ہے رمضان المبارک کا با برکت مہینہ عوام کی جیب پر مہنگے سموسے اور پکوڑے کی صورت میں بھاری پڑھ جائے گا۔ رمضان آنے میں تو کچھ وقت ہے لیکن مقامی سطح پر گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ کھانا پکانے کے تیل کی قیمت 2 روپے اضافے سے 145 روپے فی لیٹر ہوگئی، برانڈڈ گھی کی قیمت میں بھی 2 روپے اضافہ کردیا گیا جس سے اس کی فی کلوگرام قیمت 170 روپے ہوگئی۔ 16 کلو گھی کے کنستر کی قیمت 2440 روپے سے بڑھ کر 2505 روپے ہوگئی۔

جنرل سیکریٹری کراچی ریٹیل گروسرز ایسوسی ایشن فرید قریشی کے مطابق مقامی سطح پر گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر پام آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ رمضان المبارک سے قبل مسلم ممالک کی جانب سے خام پام آئل کی خریداری بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث اس کی طلب بڑھنا قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

جو بھی ہو لیکن اس اضافے کے ثمرات عوام کو مہنگی اشیا خرید کر ہی بھگتنا پڑیں گے، اب رمضان میں سموسے اور پکوڑے تو چھوڑنے سے رہے۔