رواں برس 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد پاکستانی حج کریں گے

hajj

hajj

اسلام آباد : رواں برس ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ گزشتہ سال کے تلخ تجربے کی بنا پر وزارت مذہبی امور نے اس مرتبہ انتہائی بہتر انتظامات کرنے کا دعوی کیا ہے۔ رواں برس نوے ہزار عازمین حج سرکاری اسکیم کے ذریعے حجاز مقدس جائیں گے۔ گزشتہ سال سرکاری اسکیم کے ذریعے سعودی عرب جانے والے عازمین کو انتہائی ناقص انتظامات کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس مرتبہ وزارت مذہبی امور کا دعوی ہے کہ حاجیوں کیلئے رہائش گاہوں اور ٹرانسپورٹ کے حصول پر خصوصی توجہ دی گئی اور تمام انتظامات وقت سے پہلے مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اس سال سرکاری حج اخراجات میں چند ہزار روپے کمی کا اعلان تو کیا گیا۔
لیکن دوسری طرف عازمین کو حکومت کی طرف سے ملنے والا چھ سو سے ایک ہزار ریال تک کا زرمبادلہ بند کر دیا گیا۔ اب سعودی عرب روانگی سے قبل حاجی کو نو سو ریال کا سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔ علمائے کرام اس بار بھی انتظامات پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ عازمین حج کو سہولتیں فراہم کرنا یقینا حکومتی ذمے داری ہے لیکن علمائے کرام کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کو بھی تمام مشکلات کا خندہ پیشانی سے سامنا کرنا چاہیے۔ پی آئی اے تین سو پانچ پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ تیرہ ہزار عازمین کو سعودی عرب لے جائے گی۔
پہلی پرواز تیس ستمبر کو کوئٹہ سے روانہ ہوگی۔ مشکلات اپنی جگہ مگر مہنگائی کے اس دور میں سرکاری اسکیم کے تحت حج نسبتا سستا ہے۔