سرحدی خلاف ورزی: پاکستان کا یورپی سفیروں سے رابطہ

Pakistan India Border

Pakistan India Border

پانچ روز کے دوران لائن آف کنٹرول پر دو فوجیوں کی شہادت پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ پاکستان نے اس صورتحال پر امریکہ سمیت اٹھارہ یورپی ممالک کے سفیروں کو اعتماد میں لیا ہے۔

سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی سے متعلق امریکہ سمیت18 یورپی ممالک کے سفیروں کو آگاہ کیا ہے۔ پاکستان نے سفیروں کے سامنے اپنا یہ موقف بھی واضح طور پر پیش کیا کہ پاکستان کی جانب سے فائر بندی کے معاہدہ کی خلاف ورزی نہیں کی گئی بلکہ جارحیت بھارت کی جانب سے ہوئی ہے۔

سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان غیر جابندار فریق کے زریعے معاملے کی شفاف تحقیقات چاہتا ہے جبکہ بھارت اس سے گریزاں ہے۔بھارتی میڈیا میں بھی بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے حوالے سے متضاد خبریں آ رہی ہیں جس سے یہ حقیقت عیاں ہے کہ پاکستان کا موقف مضبوط ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی عسکری حکام نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ برائے پاکستان اور بھارت کو لائن آف کنٹرول پر ہونے والے واقعہ سے آگاہ کر دیا ہے۔ قبل ازیں بھارت کے ہائی کمیشنر شرت سبھروال کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور پاکستانی چیک پوسٹ پر حملے پر شدید احتجاج کیا گیا۔