سندھ : قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر ہڑتال ، ریلوے ٹریک سے بم برآمد

Sindh Railway

Sindh Railway

سندھ (جیوڈیسک) سندھ میں نئے بلدیاتی نظام اور کالا باغ ڈیم کے خلاف قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر ہڑتال کی گئی ۔ حیدرآباد میں قومی شاہراہ پر ٹرک نذر آتش کردیا گیا جبکہ لاڑکانہ کے ریلوے ٹریک پر بم برآمد کرکے اسے ناکارہ بنا دیا گیا۔

سندھ میں نئے بلدیاتی قانون کے نفاذ اور کالاباغ ڈیم کے خلاف سندھ کی قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر ہڑتال کی گئی۔ اندرون سندھ مختلف شہروں میں کاروباری مراکز بند اور ٹریفک معمول سے کم رہا ۔ حیدرآباد میں ہالا ناکہ کے قریب ایک ٹرک نذر آتش کردیا جس کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔ سانگھڑ میں مکمل شٹر ڈائون اور پہیہ جام رہا شاہ پور چا کر میں ریلی پر فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے سکھر میں مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔

کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما پیر پگارا کا کہنا تھا کہ کامیاب ہڑتال پیپلز پارٹی کے خلاف عوامی ریفرنڈم تھا سیاست میں گولی کا رواج ختم کرنا ہوگا۔ سندھ بچائو کمیٹی کے رہنما جلا ل محمود شاہ کا کہنا تھا کہ چودہ دسمبر کے جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ بدین احتجاجی ریلیوں کے دوران ہوائی فائرنگ بھی ہوتی رہی ۔ کندھ کوٹ میں مسلم لیگ فنکشنل اور دیگر قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے ٹولیوں کی صورت میں شہر کا گشت کیا۔ دادو میں صبح سویرے کریکر کے ذریعے دھماکے کیے گئے ۔

لاڑکانہ میں پولیس نے رات تین بجے ریلوے ٹریک پر رکھا گیا ایک کلو وزنی بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا،جس کی وجہ سے کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل بڑے حادثے سے بچ گئی۔ کراچی میں نیشنل ہائی وے، اسٹیل ٹان اور سپر ہائی وے سمیت نواحی علاقوں میں کاروباری مراکز بند رہے۔ شیر شاہ پل کے قریب گاڑیوں پر پتھرا کیا گیا تاہم پولیس اور رینجرز بروقت پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کر دیا۔