سندھ : پیسوں کی سیاست کرنیوالے نااہل ہیں، فیصل سبزواری

Faisal Sabzwar

Faisal Sabzwar

سندھ : (جیو ڈیسک) سندھ کے وزیر امور نوجوانان فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ پیسوں کی سیاست کرنے والے اخلاقی طور پر نااہل ہیں، جن لوگوں نے پیسے لئے یا دیئے ان کے نام سامنے آنے چاہئیں۔ حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے اٹھائسویں یوم تاسیس کے سلسلے میں مختلف اسکول اور کالجز کے طلبا وطالبات کے مابین تقریری مقابلے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی میں مہاجر صوبے کے حوالے سے چاکنگ پہلی بار نہیں ہوئی ہے، ہم جب سے بڑے ہوئے تو آزاد سندھو دیش کی چاکنگ بھی اسی صوبے میں دیکھی ہے، مہاجر صوبے کے حوالے سے چاکنگ برسا برس سے دیکھتے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کا مینڈیٹ پیپلز پارٹی کے پاس ہے یہ مینڈیٹ کبھی بھی نام نہاد قوم پرستوں کے پاس نہیں رہا، اسی طرح شہری مینڈیٹ ایم کیو ایم کے پاس ہے اور ایم کیو ایم نے قطعا نئے صوبے کا مطالبہ نہیں کیا ہے، جو لوگ سندھ کے لوگوں کو لڑانے کی بات کررہے ہیں اسے بھی دیکھا جائے اور اگر کسی کے دل میں پاکستان کے آئین، قانون اور جغرافیئے میں رہتے ہوئے بھی احساس محرومی ہو تو اس احساس محرومی کو بھی دور کرنا سیاستدانوں کا کام ہے۔