سندھ کے دیہاتوں خسرہ سے متاثرہ کئی بچے تاحال علاج کے منتظر

Sindh Measles

Sindh Measles

کراچی(جیوڈیسک) سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں اب بھی خسرہ سے متاثرہ متعدد بچے زیر علاج ہیں جبکہ مختلف دیہاتوں میں کئی بچے طبی امداد کے منتظر ہیں۔ چانڈکا میڈیکل اسپتال لاڑکانہ کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر افسر بھٹو کے مطابق چلڈرن اسپتال میں خسرہ سے متاثرہ 17 بچے زیر علاج ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

جبکہ محکمہ صحت کے مطابق ضلع لاڑکانہ کے سرکاری و غیر سرکاری اسپتالوں میں خسرہ سے متاثرہ50  سے زائد بچوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ سرکاری ٹیموں کے سروے کے مطابق ضلع قمبر شہداد کوٹ اور ضلع لاڑکانہ کے مختلف دیہات میں اب بھی خسرہ سے متاثرہ بچے طبی امداد کے منتظر ہیں۔

جنہیں اسپتالوں تک پہنچانے کے لئے صوبائی مشیر ریلیف حلیم عادل شیخ کی جانب سے بنائی گئی ٹیموں سمیت سرکاری ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ سکھر کے ریڈ کراس، سکھر بلڈ اور سکھر سول اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں50  سے زائد بچے زیر علاج ہیں جبکہ تعلقہ صالح پٹ، تعلقہ روہڑی اور تعلقہ پنوں عاقل میں 187 بچے خسرہ میں مبتلا ہیں۔جیکب آباد، خیرپور اور دیگر علاقوں کے اسپتالوں میں بھی خسرہ سے متاثرہ بچوں کا علاج جاری ہے۔