سنی اتحادد کونسل کے زیراہتمام گستاخانہ امریکی فلم اور دیگر کیخلاف کراچی تا راولپنڈی ٹرین مارچ

Train March

Train March

لاہور گجرات راولپنڈی: سنی اتحادد کونسل کے زیراہتمام گستاخانہ امریکی فلم، دہشتگردی، ڈرون حملوں، مہنگائی، لوڈشیڈنگ کیخلاف اور ملک میں نفاذ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کیلئے کراچی تا راولپنڈی تاریخ ساز عظیم الشان ٹرین مارچ۔ اسٹیشنوں پر فقید المثال استقبال اور نعرہ تکبیر ورسالت کی زبردست گونج۔ ریلوے اسٹیشنوں پر استقبال کرنے والے علماء مشائخ اور شمع رسالت کے ہزاروں پروانوں سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے راہنماؤں صاحبزادہ فضل کریم، پیر محمد افضل قادری، راغب نعیمی، ضیاء اللہ رضوی، مفتی اقبال، طارق محبوب، نواز کھرل ودیگر نے کہا ہے کہ جب تک یو این او توہین رسالت کے انسداد کیلئے مؤثر قانون سازی نہیں کرتا اس وقت تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان کے خون میں یہ چیز شامل ہے کہ وہ رسول اکرمصلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سمیت پاکستان کے تمام مسائل کا ایک ہی حل ہے اور وہ یہ ہے کہ پاکستان میں فوری نظام مصطفی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کا نفاذ کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملے اور ڈرون حملے دونوں پاکستان کیلئے سخت نقصان دہ ہیں، ان دونوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور امریکہ و طالبان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دونوں پاکستان میں مداخلت سے باز آجائیں۔ انہوں نے داتا دربار پر حملہ کرنے والوں کو تاحال گرفتار نہ کرنے کی سخت مذمت کی اور طالبہ ملالہ پر قاتلانہ حملہ کو خلاف اسلام قرار دیا۔

اس موقع پر علماء نے الطاف حسین کے 14اکتوبر کے انتہائی خطرناک بیان کہ ”اگر پاکستان کی فورسوں نے ہمارے بچوں کی حفاظت نہ کی تو ہم عالمی طاقتوں کو دعوت دینگے کہ وہ ہمارے بچوں کی حفاظت کریں ”کی مذمت کی اور اسے پاکستان کیخلاف سازش قرار دیتے ہوئے حکومت، میڈیا ودیگر ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری ایکشن لیں۔ علماء نے مزید مطالبہ کیا کہ تعلیمی اور سرکاری وغیر سرکاری اداروں میں مسلم عورتوں کیلئے اسلامی لباس لازم قرار دیا جائے۔

مخلوط نظام تعلیم (کوایجوکیشن)کو ختم کرکے بالغ لڑکوں و لڑکیوں کیلئے علیحدہ علیحدہ نظام تعلیم قائم کیا جائے، کرپشن، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، لاقانونیت، ناانصافی، گندے اشتہارات، کیبل، انٹرنیٹ سمیت ہر سطح پر عریانی فحاشی وبے حیائی کا خاتمہ کیا جائے۔ اس موقع پر صاحبزادہ داؤد رضوی، علامہ ابوتراب بلوچ، مولانا ساجد القادری، علامہ راشد تنویر، ڈاکٹر فضیل عیاذ قاسمی، مولانا اکرم سعیدی، مولانا رضاء مصطفی، قاری مختار، مولانا خالد، کاشف رضا، مفتی حسیب اللہ، مولانا احمد رضا، علامہ قیصر شہزاد ودیگر بھی موجود تھے۔
محمد شہزاد قادری، سیکرٹری میڈیا عالمی تنظیم اہلسنت