سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کے حق میں اچھا ہے۔ پر ویز مشرف

کراچی(جی پی آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد پرویزمشرف نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے اور لوٹنے والے چوروں اوربے ایمانوں کا احتساب ہونا چاہیے ۔ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا بھی یہی ہے جس کی اے پی ایم ایل مکمل حمایت کرتی ہے۔ سپریم کورٹ کافیصلہ پاکستان کے حق میں اچھا ہے,  امید ہے سپریم کورٹ کے فیصلے ملک کے لئے سود مند ثابت ہوں گے, ہمیشہ جمہوریت کے حق میں رہا تاہم جمہوریت کا مطلب صرف منتخب صدر اور وزیراعظم کا آنا نہیں.

میرے دور میں جمہوریت تھی آمریت تو اب ہے, دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اس بحران سے کس طرح نکلتی ہے۔فوج اور عدلیہ کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پر ویز مشرف نے کہا کہ وہ اس وقت وطن عزیز کی صورتحال کو بڑے غور سے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ڈاکٹر طاہر القادری کو میری حمایت حاصل تھی کیونکہ ڈاکٹر طاہر القادری جس ایجنڈے کی بات کر رہے ہیں ان کا بھی وہی ایجنڈا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا لاکھوں کے مجمعے کو دیکھ رہی ہے ,ن لیگ اور پیپلز پارٹی والوں کو جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے کیونکہ لاکھوں کے مجمع کو ہزاروں میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا ۔طاہر القادری نے ایک کامیاب لانگ مارچ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ قوم لٹیرے حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اور اب وہ انقلاب چاہتے ہیں۔عوام کو چاہیے کہ اب ان ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کرکے ہی اس لانگ مارچ سے واپس آئیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نیا سیاسی فریم آئوٹ بننا شروع ہو گیا ہے ۔ پر ویز مشرف نے کہا کہ اے پی ایم ایل کے کارکن تبدیلی کی اس کاوش میںڈاکٹر طاہرالقادری کے شانہ بشانہ ہیں ۔پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سیاست دان خود آکر فوج کو مداخلت کی دعوت دیتے ہیں۔فوری طور پر غیر جانبدار اور دیانتدار نگران حکومت آنی چاہیے جو فوج کی نگرانی میں انتخاب کرائے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہوں’طاہرالقادری کا عدلیہ اور فوج سے متعلق بیان حقیقت پر مبنی ہے۔بیرون ملک بسنے والے پاکستانی اس وقت ملکی حالات سے پریشان ہیں۔