سپریم کورٹ کے فیصلے کا میری نااہلی سے کوئی تعلق نہیں۔ گیلانی

Gilani

Gilani

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عدلیہ کسی عوامی نمائندے کو نااہل قرار نہیں دے سکتی، سپریم کورٹ کے فیصلے کا میری نااہلی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں کوئی نوکری پیشہ نہیں ہوں۔ سپیکر قومی اسمبلی مجھے آج نااہل قرار دے دیں میں واپس عوام کے پاس چلا جائوں گا۔ میں نے کوئی جرم نہیں کیا کہ استعفی دے دوں۔ جلدی کس بات کی ہے ابھی تفصیلی فیصلہ آنا باقی ہے، میرے پاس ابھی اپیل کا حق ہے۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ شریف کورٹس اپنے فیصلے جاری نہ کرے۔ ان سے اچھا تو عمران خان ہی ریا جس نے کہا تفصیلی فیصلہ آنے دیں پھر دیکھیں گے ہمیں بتایا جائے کہ اڈیالہ جیل سے جدہ تک کا سفر عدلیہ کے کس فیصلے کے تحت ہوا تھا۔ نواز شریف 9 سال مجرم رہے لیکن ہمارے 9 سیکنڈ برداشت نہیں ہو رہے۔ شریف برادران کو اصغر خان کیس میں تو کوئی جلدی نہیں ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں نے نوکریاں دینے کے جرم میں 5 سال جیل کی سزا کاٹی ہے۔ میں نے عدالت کے روبرو کہا تھا کہ اگر پاکستان کی عوام کو نوکریاں دینا جرم ہے تو یہ جرم میں بار بار کرتا رہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔ بلدیاتی انتخابات کا حکم صوبوں نے نہیں مانا لیکن میں مانوں گا۔ وزیر اعظم گیلانی نے اعلان کیا کہ وہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرائیں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میمو سکینڈل کیس میں میاں نواز شریف ہمیں گرانے نکلے تھے کیا گرا سکے ن لیگ والے لانگ مارچ تو کیا شارٹ مارچ بھی نہیں کر سکتے ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے خود این آر او پر دستخط کئے اور باہر چلے گئے۔