سیاست میں ہوں، کسی سے نہیں ڈرتا۔ وزیراعظم گیلانی

gilani

gilani

لاہور : (جیو ڈیسک) وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کوئلے کا کاروبار کریں گے ہاتھ تو کالے ہوں گے، وہ سیاست میں ہیں کسی سے نہیں ڈرتے۔

کنیئرڈ کالج لاہور کے کانووکیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کوئلے کا کاروبار کریں گے ہاتھ تو کالے ہوں گے، وہ سیاست میں آئے ہیں کسی سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا کہ جیل ان کی بنیاد ہے، و ہ اسے کبھی نہیں بھولیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔ جب پرویز مشرف کے دور میں وہ پانچ سال جیل میں گزار کر آئے تو انہوں نے اپنی غلطیوں سے سیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ چار سال سے زائد عرصے سے سب سے زیادہ مدت گزارنے والے منتخب وزیراعظم ہیں۔ اور ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آگ کا دریاعبور کر کے حکومت کی چار سالہ مدت پوری کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کل پانچویں بار پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ جو کہ تاریخی ریکارڈ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں میڈیا سب سے زیادہ آزاد ہے اور وہ اسے مزید آزادی دیں گے۔ تاکہ ان پر زیادہ تنقید کریں ، ان کے گناہ جھڑیں اوران کی ترقی کا باعث بنیں۔