پاکستان ڈرون حملوں پر سمجھونہ نہیں کر سکتا۔ دفتر خارجہ

foreign office

foreign office

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے پاکستان کسی صورت ڈرون حملوں پر امریکہ سے سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ پاکستان کی پارلیمنٹ اس مسئلے پر غور کر رہی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے ڈرون حملوں کے حوالے سے کہا کہ یہ غیر قانونی ہیں ڈرون حملوں کے باعث پاکستان کودہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں اپنے مقاصدحاصل کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان کسی صورت ڈرون حملوں پر امریکہ کی حکومت کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ پاکستان کی پارلیمنٹ بھی اس مسئلے پر غور کر رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کے علاوہ بھی پاکستان کے پاس آپشنز موجود ہیں۔ ممبئی حملہ کیس کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان کے جوڈیشل کمیشن کا بھارت جانا خوش آئند ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس سے مثبت نتائج سامنے آئینگے۔

سمجھوتہ ایکسپریس سانحے پر بات کرتے ہوئے عبدالباسط کا کہنا تھا کہ اس سانحے کو پانچ سال گزرنے کے باوجودبھارت نے پاکستان کے ساتھ اس کیس کی تحقیقات پر پیش رفت سے پاکستان کو آگاہ نہیں کیا۔ افغان طالبان کی جانب سے امریکہ کے ساتھ مفاہمتی عمل ختم کرنے کے ایک سوال پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ مفاہمتی عمل مشکل ہے اس میں اونچ نیچ آتی رہیں گی لیکن پاکستان کا موقف واضح ہے کہ وہ افغانستان کی حکومت کے زیر قیادت طالبان کے ساتھ مفاہمتی عمل کا خواہاں ہے۔