سیاسی جلسہ کرنے پر صدر زرداری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

لاہور(جیوڈیسک) عدالتی احکامات کے باوجود ملکوال میں سیاسی جلسہ کرنے پر صدر آصف علی زرداری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست گزار منیر احمد نے موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے اصغر خان کیس اور لاہور ہائیکورٹ کے دو عہدوں سے متعلق کیسز کے فیصلوں کے باوجود صدر آصف علی زرداری سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔عام انتخابات کے قریب آتے ہی صدر کی جانب سے ملکوال میں ایک مخصوص سیاسی جماعت کے جلسے میں موجود کارکنوں سے خطاب کرنے پر اپوزیشن اور محب وطن قوتوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ صدر کی سیاسی سرگرمیاں عام انتخابات پر اثر انداز ہو سکتی ہیں جسکے منفی اثرات ہوں گے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے اصغر خان کیس کے تاریخی فیصلے کے باوجود صدر کی سیاسی سرگرمیاں واضح طور پر توہین عدالت ہے لہذا صدر کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے۔