سیاچن گلیشیر پر پاک بھارت مذاکرات کل بھی جاری رہیں گے

Shashikant Sharama

Shashikant Sharama

پاکستان : (جیو ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن گلیشیر کے تنازعے پر مذاکرات کا 13واں دور وزارت دفاع راولپنڈی میں شروع ہوا۔ دو روز تک جاری رہنے والے ان مذاکرات کے پہلے روز 28سال پرانے تنازعہ پر پاکستان کی جانب سے سیاچن سے فوجیں ہٹانے کی تجویز پر بات چیت ہوئی۔

مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی سیکرٹری نرگس سیٹھی اور بھارت وفد کی قیادت بھارتی سیکرٹری دفاع ششی کانت شرما کررہے ہیں۔ دونوں جانب سے سیاچن پر اپنے اپنے موقف کا اعادہ کیا گیا اوریہ طے پایا کہ مذاکرات کا عمل منگل کو دوسرے روز بھی جاری رہے گا جس کے بعد مشترکہ اعلامئہ جاری کیا جائے گا۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق مذاکرات کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے فوری طور پر سیاچن کو غیر فوجی علاقہ قرار دینے اور 1984 کی پوزیشن پر واپس جانے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں جس پر بھارت کی طرف سے کوئی واضح جواب سامنے نہیں آیا۔ سیاچن کے بلند ترین محاذ جنگ پر دونوں جانب سے شدید موسم کے باعث ہزاروں کی تعداد میں جوان اور افسران جاں بحق ہوچکے ہیں۔