سیمی فائنل کی تحقیقات نہیں کر رہے: لوگارٹ

haroon logart

haroon logart

برطانیہ : (جیو ڈیسک) عالمی کرکٹ کونسل نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ وہ دو ہزار گیارہ کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مقابلے میں مبینہ میچ فکسنگ کی تحقیقات کر رہا ہے۔ برطانوی اخبار دا سنڈے ٹائمز نے حال ہی میں ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں ایک بھارتی بک میکر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس نے پاکستان اور بھارت کے مابین موہالی میں ہونے والا ورلڈ کپ سیمی فائنل میچ بھی فکس کیا تھا۔

بھارت نے نہ صرف یہ میچ جیتا تھا کہ بلکہ فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ورلڈ کپ بھی جیت لیا تھا۔ اخبار نے یہ بھی لکھا تھا کہ آئی سی سی نے دلی سے تعلق رکھنے والے جواری کے ان دعوؤں کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان میں تنظیم کے چیف ایگزیکٹو ہارون لوگارٹ نے کہا ہے کہ اخبار( سنڈے ٹائمز) میں شائع ہونے والی خبر جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی دو ہزار گیارہ ورلڈ کپ کے پاکستان اور انڈیا کے سیمی فائنل میچ کے بارے میں تحقیقات کر رہا ہے، بے بنیا اور گمراہ کن ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے پاس اس میچ کی تحقیقات کرنے کی نہ کوئی وجہ اور نہ ہی کوئی ثبوت ہے۔ سنڈے ٹائمز کی رپورٹ میں بھارتی جواری نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو میچ ہروانے یا اس سلسلے میں کردار ادا کرنے پر ہزاروں پانڈ دینے کی پیشکش کی گئی۔ اخبار نے یہ بھی کہا تھا کہ اس کے پاس کرکٹ میں موجود کرپشن کو بے نقاب کرنے کے لیے ثبوت موجود ہیں۔

آئی سی سی کے سربراہ نے کہا کہ درحقیقت یہ بہت افسوسناک ہے کہ آئی سی سی کے کامیاب ترین ورلڈ کپ مقابلوں کے ایک سیمی فائنل میچ کے بارے میں شکوک پیدا کرنے کے لیے جھوٹے الزامات لگائے گئے۔