سی این جی ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

CNG Station

CNG Station

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سی این جی ایسوسی ایشن نے قائمہ کمیٹی کو ہڑتال ختم کرنے کی یقین دہانی کروا دی ۔ اوگرا نے ذاتی استعمال کی گاڑیوں میں سی این جی پرپابندی لگا نے کی سفارش کر دی ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کی ذیلی کمیٹی کااجلاس جمشید دستی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا ۔ چیئر مین اوگرا نے کہا کہ سی این جی کی نئی قیمتوں کی سمری مشیر پٹرولیم کو بھجوادی ہے۔ اوگرا نے سی این جی پبلک ٹرانسپورٹ اورصرف رکشا کوفراہم کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ ذاتی استعمال کی گاڑیوں میں سی این جی پرپابندی کی سفارش کی ہے۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے چئیرمین غیاث پراچہ نے کہا کہ اوگرا فارمولے کے مطابق 10 سے 18 روپے فی کلونقصان ہورہا ہے ۔جمشید دستی کا کہنا تھا کہ ایم ڈی پی ایس او اورایم ڈی پارکوقومی مجرم ہیں کمیٹی کے رکن رانا افضال نے کہا کہ سی این جی مافیا کولاڈلے بچے کی طرح پالا گیا، اب وہ پورے ملک کے گریبان پرہاتھ ڈالے ہوئے ہیں۔قائمہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ سی این جی سٹیشن فوری طور پر کھولے جائیں۔

کمیٹی نے سفارش کی کہ سی این جی پرلگائے جانے والے ٹیکس ختم کئے جائیں یا دیگرسیکٹروں کے برابر کئے جائیں اس پر سی این جی ایسوسی ایشن نے قائمہ کمیٹی پٹرولیم کوہڑتال ختم کرنیکی یقین دہانی کرادی۔