شام میں فورسز کی کارروائی جاری، سلامتی کونسل کا اجلاس ختم

united nation

united nation

شام : (جیو ڈیسک) شام میں باغیوں کے خلاف کارروائی میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دمشق کے تنازع پر سلامتی کونسل کا بندکمرہ اجلاس کسی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگیا۔ روس اور چین کا کہناہے کہ ان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

بشار الاسد کی فوج کی حمص، ڈیرہ اور دیگر شہروں میں باغیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق کارروائی میں بارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسی دوران کچھ فوجی فوج سے بغاوت کرگئے۔

ادھر سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ہوا جس میں شام کے متعلق امریکی قرارداد کے مسودے پر بات چیت ہوئی۔ روس کے ایلچی نے کہاکہ قرارداد کے مسودے پر روس اپنے پرانے موقف پر اٹل ہے۔

چین کا سفیر خاموش رہا۔ امریکی سفیر رائس نے کہاکہ شام سے متعلق کچھ ممالک کے موقف میں آسانی سے تبدیلی نہیں آئے گی۔ اس سے پہلے امریکی صدر براک اوباما نے پریس کانفرنس میں کہا کہ دمشق پر فضائی حملے نہیں کئے جائیں گے۔