شام میں پرتشدد واقعات کے دوران 56 ہلاکتیں

syria

syria

شام میں پرتشدد واقعات کے دوران تیس شہریوں سمیت مزید چھپن افراد ہلاک ہوگئے۔ نماز جمعہ کے بعد ہونے والے مظاہروں کو روکنے کیلیے بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات کئیے گئے ہیں۔ شام میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پرعرب ممالک کا اجلاس کل قاہرہ ہوگا۔
شام کے مختلف شہروں میں صدر بشارالاسد کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ حمس میں سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے سولہ مظاہرین ہلاک ہوئے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے ڈیرہ اور ادلیب میں مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران چودہ افراد کو ہلاک کردیا۔ جبکہ مظاہرین سے جھڑپوں کے دوران چھبیس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب شام کے معاملے پر عرب ممالک تقسیم ہیں۔ دو نومبر کو ہونے والے اجلاس میں عرب ممالک معاملے کا پرامن حل نکالنے میں ناکام ہوگئے تھے۔ 22رکنی عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس کل قاہرہ میں ہورہا ہے۔ امکان ظاہر کیاجارہا ہے کہ اجلاس میں شام کی رکنیت معطل کرنے پر اتفاق نہیں ہوسکے گا۔
شام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ عرب ممالک کی جانب سے دی جانے والی تجاویز پر ایک ہفتے میں عمل درآمد شروع کرادے گا۔ اقوام متحد کی رپورٹ کے مطابق شام میں اب تک پرتشدد واقعات کے دوران پینتیس سو افراد اور گیارہ سو سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔