شہباز کلب باسکٹ بال بنوں کے آرمی کھلاڑی سائبریا میں مشن مکمل کر کے واپس پہنچ گئے

بنوں(جی پی آئی)شہباز کلب باسکٹ بال بنوں کے آرمی کھلاڑی نواب علی خان سائبریا( سابق رشین فیڈریشن) میں مشن مکمل ہونے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے،اس سلسلے میں قاضی محب ہاکی سٹیڈیم سے متصل عمر دراز باسکٹ بال کورٹ میں ان کی آمد پر والہانہ استقبال کیا گیا۔

اور بنوں باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد نظام الحق کی جانب سے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں ضلعی سپورٹس ایسوسی ایشن کے میڈیا ایڈوائزر حافظ سیف الرحمن،صدر بنوں بیڈ منٹن ایسوسی ایشن (سابق قومی جونیئر چیمپیئن،گولڈ میڈلسٹ) ریاض خان،پاکستان باسکٹ بال کیمپ کے لئے نامزد عظمت خان، خادم ہاکی کلب، سعید خان ہاکی کلب، بریگیڈیئر حمیدی ہاکی کلب سمیت دیگر سینئرز اور جونیئرز کھلاڑیوں نے خصوصی شرکت کی۔

عشائیہ تقریب سے اپنے مختصر خطاب میں آرمی کھلاڑی نواب علی خان نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن دیگر صوبوں کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کو بھی اپنا کوٹہ دے گا تاکہ اس صوبے کے کھلاڑی بھی قومی ٹیم میں اپنے جوہر دکھا سکے جس طرح ہر ڈیپارٹمنٹ کو کوٹہ دیا جاتا ہے۔