شیخ محمد فیروز نے پی بی اے سی کے سیکریٹری جنرل اور رکن سپریم کونسل ماسٹر غیاث الدین کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی

کراچی پاکستانی بنگالیز ایکشن کمیٹی کے بانی چیئرمین شیخ محمد فیروز نے پی بی اے سی کے سیکریٹری جنرل اور رکن سپریم کونسل ماسٹر غیاث الدین کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ملک بھر میں7 یوم کے لئے تمام تنظیمی سرگرمیاں معطل رکھنے اور تین روزہ ملک گیر یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں شیخ محمد فیروز کا کہنا تھا کہ ماسٹر غیاث الدین کی شہادت پاکستانی بنگالیوں کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے انہوں نے اس مظلوم طبقے کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے جو کردار ادا کیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ان کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ پاکستانی بنگالیز ایکشن کمیٹی جیسی پرامن اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت کے کارکنوں اور رہنماوں کی تسلسل کے ساتھ ہونے والی ٹارگٹ کلنگ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کار کردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔

اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ گولی کی زبان استعمال کرکے پاکستان میں آباد بنگلہ زبان بولنے والوں کو حقوق کی جدوجہد سے روک لے گا تو یہ اس کی بھول ہے ۔وطن عزیز کے خاطر دو بار ہجرت کرنے اور لاکھوں جانوں کا نذرانہ دینے والے پاکستانی بنگالیوں کو ایسے اوچھے ہتکنڈے استعمال کرکے دبایا یا جھکایا نہیں جاسکتا۔

ہم اپنے شہداء کے لہو کا سودا نہیں کریں گے بلکہ حق پر ستی کی جدوجہد مزید تیز ہوگی۔شیخ محمد فیروز نے شہید ماسٹر غیاث الدین اور پی بی اے سی تمام کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب بھی انتظامیہ غفلت سے بیدار نہ ہوئی تو عوام کو احتجاج سے کوئی نہیں روک پائے گا۔