صدر کو غیر ملکی جج کے سامنے سرنگوں نہیں ہونے دینگے۔ اعتزاز احسن

aitzaz

aitzaz

پاکستان : (جیو ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سوئٹزر لینڈ کے مجسٹریٹ نے کبھی صدر آصف زرداری کو طلب نہیں کیا۔ سوئس حکام کو خط لکھنے میں حرج نہیں ، لیکن خط نہ لکھنا بھی کوئی جرم نہیں۔ یہ آصف علی زرداری کی بات نہیں پاکستان نے سیکڑوں ہزاروں سال رہنا ہے اور سیکڑوں صدر بھی آنے ہیں۔ اپنے صدر کا سر کسی اور ملک کے مجسٹریٹ کے سامنے سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔

پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بتیسویں برسی کے موقع پر اپنے خطاب میں بیرسٹر اعتزاز نے کہا سپریم کورٹ کے اپنے چھ آپشنز میں آخری آپشن یہ ہے کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ کو بھیجا جا سکتا ہے۔ چوہدری اعتزاز نے کہا کہ جب تک آصف علی زرداری پاکستان کے صدر ہیں انھیں بین الاقوامی استثنیٰ حاصل ہے۔ چوہدری اعتزاز احسن کا کہنا تھا اپنے صدر کو کسی غیر ملکی مجسٹریٹ کے سامنے سرنگوں نہیں کرسکتے۔ دوسرے ملک والے تو اپنے ریمنڈ ڈیوس کو بھی اٹھا کر لے جاتے ہیں۔

بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ بہت سی باتیں واضح کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کیس میں وہ کہتے کچھ ہیں ، میڈیا کچھ اور پیش کرتا ہے۔ وہ بھی ایک خاص میڈیا۔ چوہدری اعتزاز احسن نے اپیل کی خدارا ان کے الفاظ اور جملوں کو توڑ پھوڑ کر پیش نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کبھی مرتے نہیں، ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو آج بھی زندہ ہیں۔