ضلع بھر میںپلوں اور شاہراہوں کی تعمیر اور توسیع کے منصوبوں پر 4599.802ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں

گجرات(جی پی آئی)ضلع بھر میں ساڑھے چار سال کے دوران پلوں اور شاہراہوں کی تعمیر اور توسیع کے منصوبوں پر 4599.802ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں ، پنجاب حکومت نے ان عوامی فلاحی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے فراخدلی سے مطلوبہ وسائل فراہم کئے ہیں۔ ڈی سی او نوازش علی نے ایک اجلاس کے دوران بتایا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں 204نئی شاہرات تعمیر کی گئی ہیںجنکی لمبائی 161کلومیٹر ہے جبکہ ان پر 913ملین روپے لاگت آئی ہے۔

149کلومیٹر طویل 27شاہراہوں کی توسیع پر 926ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں۔سرائے عالمگیر جلالپور روڈ کی توسیع پر 196.434ملین روپے ،تعمیر پل بھمبر نالہ گلیانہ کوٹلہ روڈ پر 236.593روپے، توسیع و بحالی گجرات ڈنگہ روڈ پر 316.806روپے، تعمیر سٹرک پل خواص پور تا گجرات ڈنگہ روڈ پر 165.520ملین روپے، توسیع و بحالی گجرات بھمبر روڈ پر 155.452ملین روپے،ضلع میں 120کلومیٹر 23شاہراہوں کی تعمیر پر 1209.212ملین روپے، 80کلومیٹر طویل 23شاہراہوں کی بحالی پر 97ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ڈی سی او نے بتایا کہ 50ملین روپے لاگت سے ڈنگہ بائی پاس، 77ملین روپے سے صبورناگڑیاں روڈپر نالہ بھنڈر پر پل کی تعمیر، 40 ملین روپے سے سروس روڈکی تعمیر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے فنڈز کے حصول کے لئے بھر پور کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے جہاں شہریوں کو نقل و حمل میں آسانی میسر آئیگی وہیں فصل کو کھیت سے منڈیوں تک پہنچانے میں کسانوں کو سہولت ملے گی۔