عالمی سطح پر سونا سستا مگر پاکستان میں نہیں

gold

gold

پاکستان (جیو ڈیسک) ہنڈی اور حوالے کی غیرقانونی مارکیٹ میں ڈالر کی مہنگے داموں دستیابی نے پاکستان میں سونا سستا نہ ہونے دیا۔انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کے دام 31 ڈالر کم ہونے کے باوجود پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت صرف چار سو روپے کم کی گئی۔جمعے کو عالمی سطح پر فی اونس سونا 31 ڈالر کی کمی سے پندرہ سو انہتر ڈالر کی سطح پر آگیا جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت صرف چار سو روپے کم کرکے ستاون ہزار ایک سو روپے کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اسی طرح دس گرام سونے کے دام 343 روپے کم کرکے 48 ہزار 942 روپے کردیئے گئے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد عوام اور جیولرز پاکستان میں بھی سونے کے نرخوں میں بڑی کمی کی توقع کررہے تھے تاہم آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر ہارون چاند کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سونے کی درآمدی ادائیگیوں کے لئے ہنڈی اور حوالہ مارکیٹ سے مہنگے داموں ڈالر خریدنے کے باعث پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی نہیں آرہی ہے۔