عبد القدیر خان نے ملکی استحکام اور آئندہ الیکشن میں قومی سوچ کیلئے قومی سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں شروع کردی

اسلام آباد(این ایل آئی)تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملکی استحکام اور آئندہ الیکشن میں قومی سوچ کی حامل پارٹیوں کے وسیع تر اتحاد کیلیے قومی سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں شروع کردی ہیں اس سلسلہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال بگٹی ،جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سے ملاقاتیں کی ہیں۔

جبکہ جمعیت علماء اسلام (نورانی) کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیر ایم زبیرسے بھی گذشتہ روز ملاقات کی دونوں رہنمائوں نے ملکی صورتحال نے بھی موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر آئندہ آنے والے جنرل الیکشن سے قبل ایک بڑے قومی اتحاد بنانے کی زور دیاجبکہ اس موقعہ پر ڈاکٹر ابوالخیر ایم زبیرنے ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے درخواست کی کہ وہ تمام محب وطن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں اور سب کی سرپرستی فرمائیں تاکہ ملک میں جو مایوسی کے بادل چھائے ہوئے ہیں ان سے چھٹکارا مل سکے اس موقعہ پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ ملک اس وقت گھمبیر مسائل میں الجھا ہوا ہے اور اب وقت آچکا ہے کہ سب محب وطن قوتیں ملکر ملک کو بچانے کیلیئے آگے آئیں تاکہ آئندہ آنے والے الیکشن میں بہتر نتائج سامنے آسکیں انہوں نے کہا کہ ملک میں بھوک اور غربت حد سے تجاوز کرچکی ہے اور اب بھی ہم نے اگر ہوش کے ناخن نہ لیے تو آنے والے وقتوں میں ہمیں کھانے کو گھاس بھی نہیں ملے گی اس موقعہ پر دونوں رہنمائوں نے الیکشن سے قبل گرینڈ الائنس بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

جبکہ ملاقات کے دوران تحریک تحفظ پاکستان کے سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان خان ،ایڈیشنل سیکریٹری جنرل ڈاکٹر رفیق غنچہ اور کنوینئر پنجاب سید امیتاز شاہ بھی موجود تھے۔