عدالت نے جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا تو قبول ہو گا۔ گیلانی

gilani

gilani

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ توہین عدالت مقدمہ میں وہ سپریم کورٹ جائیں گے، عدالت نے جیل بھیجنے سمیت جو بھی فیصلہ کیا وہ قبول ہے۔
لاہور ریلوے اسٹیشن پر نجی شعبہ کے تعاون سے لاہور سے کراچی جانے والی پہلی بزنس ٹرین کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن وقت پر ہوں گے۔ سینیٹ کے الیکشن رکوانے کے لئے سازش ہورہی تھی جو جلد منظر عام پر آ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جہموری حکومت پانچواں بجٹ پیش کرے گی اگر اس کے بعد کوئی قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کرتا ہے تو وہ مجھ سے بات کرے۔ ہماری طرف سے محاذ آرائی کی نوبت آئی ہے نہ آئے گی۔ منصور اعجاز اور میمو کے معمالہ پر عوام چند دن صبر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں کا تعین ریگولیٹری اتھارٹی کرتی ہے تاہم عوام کے مطالبات پر ایک کمیٹی بنادی ہے وہ جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر من و عن پر عمل ہو گا۔
وزیراعظم نے بعد میں ریلوے کوچز کا معائنہ کیا اور مسافروں سے سفری سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ٹرین میں بزنس ٹرین کے ذریعے نو بوگیوں میں 486 مسافر جارہے ہیں۔ ٹرین اٹھارہ گھنٹہ میں کراچی پہنچ جائے گی۔