عمران خان نے پارٹی کارکنوں کو قیادت منتخب کرنے کا خواب پورا کر دیا ، میاں سجاد ناصر

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور حلقہ 220سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار میاں سجاد ناصر نے کہا کہ حکومت تحر یک انصاف کے پارٹی الیکشن میں روڑے اٹکا کر اس بات کا ثبوت دے رہی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں اور اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے وہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو خوفزدہ نہیں کر سکتے،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کارکنوں کو قیادت منتخب کرنے کا خواب پورا کر دیا جس پر میں ان کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دقیانوس سیاسی کلچر اور تاحیات شخصی حکمرانی سے نجات کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف نے ٹوپی ڈرامہ نہیں کیا بلکہ حقیقی انتخابات منعقد کر کے سیاسی تبدیلی کی راہ اختیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی وسائل نہ ہونے کے باوجود 70لاکھ ووٹرز کیلئے ووٹنگ کا عمل ایک بڑا چیلنج تھا جسے تحریک انصاف کی لیڈر شپ نے قبول کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی الیکشن کا یہ عمل دسمبر کے آخر یا جنوری کے پہلے ہفتے تک مکمل ہو جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور اب موروثی سیاست کا خاتمہ قریب ہے اور یہ الیکشن سیاسی بیداری اور خاندانی اجارہ داریوں کے خاتمے کی نوید ثابت ہونگے جبکہ تحریک انصاف کے انتخابات دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کیلئے ترغیب ہیں اور اب ملک میں سیاسی تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے جسے کوئی نہیں روک سکتا۔