عمران خان کے ویژن پر نوجوان تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں :مہر شہباز فاضل

گجرات:تحریک انصاف یوتھ ونگ ضلع گجرات سیکرٹری اطلاعات مہر شہباز فاضل نے ریلی میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت نے جرأت مندانہ فیصلے کیے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف آہستہ آہستہ مقبول ترین جماعت ہوتی جا رہی ہے ، اور تحریک انصاف کے ضلع گجرات سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ تحریک انصاف کی قیادت عوام کے مسائل سے باخبر ہے ، اور وہ ان کا حل چاہتی ہے ، اہلیان گجرات نے ثابت کر دیا ہے کہ تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی جماعت ہے ، جو کہ آئندہ الیکشنوں میں اپنا وجود بنانے میں کامیاب ہو جائے گی ، اور پارٹی میں موجود چند شرپسند افراد جو کہ پارٹی میں انتشار پیدا کر کے پارٹی کی مقبولیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ، ایسے افراد کو منہ کی کھانا پڑے گی ، وہ پارٹی سے مخلص نہ ہیں ، بلکہ وہ پارٹی کی جڑیں کاٹنے میں مصروف ہیں ، تحریک انصاف یوتھ ونگ ضلع گجرات عمران خان کی مدبرانہ قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے اور عمران خان کی ہر کال پر لبیک کہے گی ، اورہم اپنے قائد کی قیادت میں متحد ہو کر یوتھ ونگ ضلع گجرات کو مضبوط کریں گے ، اخباری اور ڈرائنگ روم کی سیاست پر ہم یقین نہیں رکھتے ، عمران خان کے ویژن پر نوجوان تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں ۔