تحریک عدم اعتماد، سیکریٹری قومی اسمبلی نے ارکان کو نوٹس جاری کر دیا

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر سیکریٹری قومی اسمبلی نے ارکان کو نوٹس جاری کر دیا۔

اس نوٹس میں انھیں آگاہ کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 95کے تحت عدم اعتماد کی قرار داد جمع کرائی گئی ہے،انھیں اس کی کاپی بھی بھیجی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی باقاعدہ درخواست جمع کرادی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حزب اختلاف کے اراکین نے اسپیکر اور سیکریٹری قومی اسمبلی کو ایک خط تحریر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اراکین کے درمیان عدم اعتماد تحریک کا نوٹس جلد ازجلد جاری کیا جائے۔

اپوزیشن نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ چونکہ 8 مارچ کو وزیرِ اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر تفصیلی خط لکھ دیا گیا تھا اور اب تک قومی اسمبلی نے اس ضمن میں نوٹس جاری نہیں کئے جنہیں جلد ہی جاری کرنا چاہیئے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپوزیشن کی درخواست پر قومی اسمبلی کو نوٹسز اگلے ہی دن جاری کرنا تھے لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ خط میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایوان کے رول نمبر 37 کے تحت اس پر فوری اطلاق کیا جائے۔

اسی کے جواب میں سیکریٹری قومی اسمبلی نے تمام اراکین کو تحریکِ عدم اعتماد کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔