عملی اقدامات کرکے نکاسی آب کا نظام بہتر بنایا جائے نشاط محمد ضیاء قادری

کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی کراچی نے کہا ہے کہ برساتی نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ کئے بغیر دوران برسات نکاسی آب کے نظام کو درست نہیں بنا یا جاسکتا برساتی نالوں کی افادیت کو قائم رکھ کر ہی صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جاسکتا ہے انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں پر سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا کر مستقل بنیادوں پر برساتی نالوں کو صاف رکھنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیہ شرقی شاہ فیصل زون کی جانب سے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں متوقع برساتی صورتحال سے نمٹنے اور دوران برسات عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کے لئے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ بلدیہ شرقی شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے سپرٹینڈنگ انجینئر شاہ فیصل عامر وقار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

نشاط محمد ضیاء قادری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ برسات سے قبل ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے نظام کی درستگی کو یقینی بنا نے کے لئے برساتی نالوں سیوریج لائنوں کی صفائی کے عمل کو مکمل کیا جائے اور نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے بعد نکلنے والے فضلے کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ نکاسی آب کے انتظامات کی درستگی کے لئے متعلقہ اداروں سے تعاون کریں اور برساتی نالوں و سیوریج لائنوں پر تجاوزات کے قیام سے اجتناب کریں عوامی مسائل کے حل کی راہ میں غیر قانونی عمل کے مرتکب افراد کا محاسبہ کرتے ہوئے ایسے عناصر کی متعلقہ محکموں کو نشاندہی کریں تاکہ باہمی تعاون کے زریعے مسائل کا خاتمہ کرکے نکاسی آب کے نظام کی بہتری کو یقین بنا یا جاسکے۔