عوام کو درست فیصلے کرکے قومی تقدیر پر قابض ٹولوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی ، روحیل اکبر

تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر نے کہا ہے کہ عوام کو درست فیصلے کرکے قومی تقدیر پر قابض ٹولوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی حکمران اپنے غیر ملکی آقائوں کی خوشنودی کے لئے سترہ کروڑ عوام کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں اور خود قربانی دینے کی بجائے عوام کی رگوں سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑنا لینا چاہتے ہیں ۔

اگر حکمران اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کردیں اور لوٹی ہوئی تمام دولت بیرون ملک سے واپس لے آئیں تو وطن عزیز موجودہ بحرانی کفیت سے نکل سکتا ہے مگر انہیں غریب عوام سے کوئی غرض نہیں ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا حکمرانوں کے خلاف عوامی نفرت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور عوامی نفرت کا یہ سیلاب حکمرانوں کو بہا لے جائے گا۔

موجودہ حکومت کے ہاتھوں ایک ایک کرکے تمام قومی ادارے تباہ ہو چکے ہیں اب ان کے پاس اقتدار پر براجمان رہنے کا کوئی حق نہیں، پاکستان سٹیل ، ریلوے ، پی آئی اے اور واپڈا سمیت قومی اداروں کی تباہی پر ہرپاکستانی دل گرفتہ ہے ، زرداری اور راجہ پرویزاشرف حق حکمرانی کھو چکے ہیں انہیں مستعفی ہو کر ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کرنا ہوگا عوام کے مسائل حل ہونے کے بجائے شدت اختیار کرگئے ہیں۔

پہلے صرف عوام لوڈ شیڈنگ کے ہاتھوں سراپا احتجاج تھے اب ملک بھر میں واپڈا ملازمین بھی محکمے کو حکومتی چیرہ دستیوں سے بچانے کیلئے سڑکوں پر آچکے ہیں ۔10سالہ امریکی غلامی کے باوجودشرمناک ناکامی کے بعد اب حکومت ،دیگر پارٹیاں بھی قومی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے کھل کرامریکہ کے خلاف میدان میں نکلیں انہوں نے کہا کرپشن بے روزگاری کے باعث حکومت کے پاس اقتدار پر قابض رہنے کا اب کوئی اخلاقی جواز نہیں ، عوام بنیادی ضروریات زندگی کی مہنگائی کی وجہ سے شدید پریشان ہیں حکومت اپنے تمام تر دعوؤں کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

مہنگائی ، بے روز گاری اور غربت میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہونے اور حکومتی بے حسی اور ناکامی سے حالات میں بہتری کی کوئی صورت نظر نہیں آتی ، قومی اداروں کی تباہی سے ملک کا مستقبل داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی ڈھٹائی کے ساتھ اقتدار سے چمٹی ہوئی ہے اور اس تشویشناک صورت حال کاشکار عوام کو بے وقوف بنانے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔