قاضی حسین احمد مسلم امہ کی واحدت، جامعیت اور آفاقیت کی علامت تھے: ناظم لاہور

Qazi Hussain Ahmed

Qazi Hussain Ahmed

لاہور(اسامہ اسد)اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم مدثر احمد شاہ نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد کی وفات قوم کے لیے ایک انتہائی دکھ کی گھڑی ہے، قوم آج ایک ایسے رہنما سے محروم ہو گئی ہے جو درحقیقت انکی امنگوں کا ترجمان تھا، ایک ایسا رہنما جو امت مسلمہ کا درد رکھتا تھا اور جسکی وحدت کے لیے وہ تمام عمر سرگرم رہا۔

قاضی حسین احمد پاکیزہ اور مسنون سیاست کی ایک مسلسل اور بے نظیر مثال تھے۔ انہوں نے پیرانہ سالی کے باوجود نوجوانوں کی مانند ملی، سیاسی اور دینی خدمات سرانجام دیں۔ انکی ہمت، جوش و ولولہ، خلوص اور مقصد سے لگن قابلِ رشک اور کارکنوں کے لیے مثال تھی۔انہوں نے اپنی بیماری کو مقصد میں رکاوٹ نہ بننے دیا، وہ عالمِ اسلام کے اتحاد کے سب سے بڑے نقیب تھے۔

نمازِ جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد عالمِ اسلام کی تمام اسلامی تحریکوں کے لیے قائد اور رہنما کا درجہ رکھتے تھے۔انکی رحلت مراکش سے انڈونیشیا تک پھیلی اس امت کے لیے نقصانِ عظیم ہے، وہ اپنے پیچھے ایک ایسے خلا چھوڑ گئے ہیں جسے بھرنے کے لیے ایک مدت درکار ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ غم کی اس گھڑی میں تحریکِ اسلامی کے کارکنوں اور لواحقین کو ہمت، حوصلہ، اور صبر جمیل عطا کرے، اور قاضی حسین احمد کے نقشِ قدم پر چلنے اور اتحادِ امت کے مشن کو جاری و ساری رکھنے والا بنائے۔