قومی بچت سکیموں میں 254 ارب روپے کی سرمایہ کاری

Rupees

Rupees

اسلام آباد(جیوڈیسک)چھ ماہ کے دوران قومی بچت اسکیموں میں 254 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران قومی بچت سکیموں میں ہونے والی سرمایہ کاری میں 176 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں مالی سال جولائی تا دسمبر کے دوران قومی بچت سکیموں میں 254 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 176 فیصد زائد ہے۔ مالی سال 2011-12 کے پہلے چھ ماہ میں قومی بچت سکیموں میں 92 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

اعداد وشمار کے مطابق جولائی تا دسمبر ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ میں 23 ارب روپے، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ میں 19 ارب روپے، سپیشل سیونگ میں 28 ارب 82 کروڑ روپے جبکہ دیگر سکیموں اور پرائز بانڈز میں 183 ارب 60 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق قومی بچت سکیموں میں شرح منافع کم ہونے کے باوجود ملکی میں جاری امن وامان کی خراب صورت حال اور معاشی سرگرمیوں میں کمی کے باعث نیشنل سیونگ اسکیمز میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔