لانگ مارچ چل پڑا، بعض علاقوں میں موبائل سروس بند

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

لاھور(جیوڈیسک)طاہر القادری کا لانگ مارچ اسلام آباد کے لیے چل پڑا ہے، ماڈل ٹان لاہور سے روانہ ہونے والے قافلے میں ہزاروں افراد شریک ہیں، لاہور کے بعض علاقوں میں موبائل سروس بند کر دی گئی۔لانگ مارچ میں شرکت کے لئے آنے والے افراد صبح سویرے سے تحریک منہاج القرآن کے ماڈل ٹان اور ٹان شپ سیکریٹریٹ پہنچتے رہے۔

لانگ مارچ کی روانگی کا وقت صبح نو بجے رکھا گیا تھا لیکن طاہر القادری کا قافلہ پونے دو بجے دوپہر ماڈل ٹان سے نکلا۔ راستے میں طاہر القادری کے آرام کیلئے خصوصی بلٹ پروف ٹرک بھی قافلے میں شامل ہے جبکہ تین گاڑیاں ان کے استعمال میں رہیں گی۔ لانگ مارچ میں شامل پرجوش کارکنوں کا کہنا تھا کہ موسم کی سختی اور سفر کی مشکلات ان کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتیں۔

لانگ مارچ میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کا جوش وجذبہ بھی دیدنی ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ خوشحال پاکستان کے لیے وہ ہر مشکل سہنے کو تیار ہیں۔ لانگ مارچ کا سفر شروع ہوچکا جس میں ہزاروں کارکن شریک ہیں۔ طاہر القادری کا یہ لانگ مارچ اپنے مطالبات منوا پاتا ہے کہ نہیں اس کا فیصلہ اسلام آباد پہنچ کر ہی ہوگا۔