لاہور کی خبریں 2.02.2013

ہنگو میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہیں :سنی تحریک پنجاب

لاہور (جی پی آئی)پا کستا ن سنی تحریک کے صو بائی صدر محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ ہنگو میں خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہیں۔مٹھی بھردہشت گردوں نے حکومت کو یر غمال بنا رکھا ہے۔حکمرانوں نے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔کراچی میں داڑھی اور پینٹ والے دہشت گرد طالبان بھی قتل عام میں ملوث ہیں۔گزشتہ 5سالوں میں حکمرانوں نے عوام کو طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گذشتہ روز صوبائی رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ہنگا می اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہاکہ 4فروری کو اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے دھرنے اور ریلی میں شرکت کا مقصد الیکشن کمیشن کو آزاد اورخود مختار بنانا ہے۔اداروں کی مکمل آزادی اور خود مختاری ہی ملک میں حقیقی جمہوریت اور کر پشن سے پاک معاشت کے قیام میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔کراچی میں ایک سیاسی جماعت آئندہ انتخابات میں اپنی مر ضی کے نتائج حاصل کرنا چا ہتی ہے۔ایم کیو ایم سرکاری اداروں کو ڈرادھمکا کر اپنا منشور اور اپنی دہشت عوام پر مسلط کرنا چاہتی ہے۔عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو مکمل آزادی نہ ملی تو کراچی میں الیکشن کے حقیقی نتائج حاصل نہیں ہو سکیں گے۔سیاسی وڈیرے ایک دوسرے کے سیاسی گناہوں پر پردہ ڈالنے اور اپنا اپنا حصہ لینے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔عوام اپنے حصہ کا دیہ جلائیں الیکشن کوتاریخ ساز بنا کر ملک وقوم کو جمہوری اور بنیادی حقوق دلانے میں اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔ہنگو میں ہونیوالے خود کش حملے کی صرف مذمت کر نے کے علاوہ حکومت کو عملی اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔اجلاس میں صو بائی رابطہ کمیٹی اراکین ،پنجاب کے تمام ڈویژنل ،ضلعی اور تحصیل صدور نے بھی شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اخوت ہیلتھ سروسز کے زیرِ اہتمام فائو نٹین ہائوس میں خواجہ سرائوں کیلئے جلدی امراض کے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
لاہور (جی پی آئی) اخوت ہیلتھ سروسز کے زیرِ اہتمام فائو نٹین ہائوس میں خواجہ سرائوں کیلئے جلدی امراض کیلئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں خواجہ سرائوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں ادویات فراہم کی گئیں ۔ اخوت ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اظہارالحق ہاشمی اورماہر جلدی امراض ڈاکٹر سہیل ممتاز نے مریضوں کا معائنہ کیا۔ایم ایس فائو نٹین ہائوس ڈاکٹر عمران’پروگرام کوآرڈینیٹر روبی دانیال اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر اظہارالحق ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سراء ہمارے معاشرے کا ایک ایسا طبقہ ہے جو دوسروں کی خوشیوں کو دوبالا کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے انہیں معاشرے سے دھتکار دیا گیا ہے اور ان کو بری نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔خواجہ سرائوں کو معاشرے کا حصہ بنانے کے لیے اخوت اور فائونٹین ہائوس مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ خواجہ سرائوں کے پاس نہ گھر ہے نہ ملازمت نہ جائیداد ‘ نہ ان کو کوئی تعلیم دیتا ہے اور نہ ہی ان کی اظہار رائے کی کوئی ویلیو ہے’ اس سے بڑی اور کیا محرومی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے اس سلوک کی وجہ سے یہ لوگ احساس کمتری اور اکثر خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہیں۔اخوت نے لاہور میں 50سال سے زائد کی عمر کے 200خواجہ سرائوں کی رجسٹریشن کی ہے جن کو ہر ماہ 11سو روپے وظیفہ دیا جاتا ہے اور ان کا مہینے میں ایک بار مکمل میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غربت ختم کرنے کا راستہ بھیک مانگنا نہیں بلکہ ایثار ہے۔واضح رہے کہ” اخوت” نے آج سے ایک سال قبل خواجہ سرائوں کی فلاح و بہبود اور اُن کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کے لئے عملی قدم اُٹھایاتھااور اب ہر ماہ کے پہلے ہفتے خواجہ سراء فائونٹین ہائوس میں جبکہ دوسرے ہفتے ٹائون شپ میں جمع ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ اپنے دُکھ درد بانٹتے ہیں ۔ان خواجہ سرائوں کو دینی ، دنیاوی اورمعاشرتی اقدار کے ساتھ ساتھ اُن کی صحت کے معاملات کو بھی اہمیت دی جاتی ہے ۔ یاد رہے کہ فائونٹین ہائوس میں جمع ہونے والے خواجہ سرائوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گردی کسی مسئلہ کا حل نہیںہے:عابد حسین صدیقی
لاہور(جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ دہشت گردی کسی مسئلہ کا حل نہیںہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا۔ قائد اعظم جمہوریت پسند اور آئین پسند انسان تھے۔ وہ جمہوری نظام کے قائل تھے مگر ان کے ملک میں بار بار مارشل لاء لگا کر ان کے نظریات سے انحراف کیا گیا۔ ضیاء الحق کے مارشل لاء سے ملک میںبگاڑ پیدا ہوا اور انتہا پسندی کو ہوا ملی۔ ضیاء الحق کے مارشل لاء سے پاکستان آج بھی سنبھل نہیں سکا۔ انتہا پسندی سے کبھی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا بالکہ مذید مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گردی کسی مسئلہ کا حل نہیںہے:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ دہشت گردی کسی مسئلہ کا حل نہیںہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا۔ قائد اعظم جمہوریت پسند اور آئین پسند انسان تھے۔ وہ جمہوری نظام کے قائل تھے مگر ان کے ملک میں بار بار مارشل لاء لگا کر ان کے نظریات سے انحراف کیا گیا۔ ضیاء الحق کے مارشل لاء سے ملک میںبگاڑ پیدا ہوا اور انتہا پسندی کو ہوا ملی۔ ضیاء الحق کے مارشل لاء سے پاکستان آج بھی سنبھل نہیں سکا۔ انتہا پسندی سے کبھی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا بالکہ مذید مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
میٹرو بس پراجیکٹ پر 30 ارب روپے لاگت آئی ہے:شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹ صرف لاہور کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے اور میٹرو بسوں کے افتتاح سے عوام کو جدید ترین ،باکفایت، آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی جس سے ٹرانسپورٹ کا نیا کلچر سامنے آئے گا۔ میٹرو بس پراجیکٹ ایک مشن سمجھ کر ریکارڈ مدت میں مکمل کیاجا رہا ہے اور 10 فروری کو اس عظیم الشان عوامی منصوبے کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ پہلے چار ہفتے میٹرو بسیں مفت چلائی جائیں گی۔ منصوبے پر 30 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔ منصوبے کی لاگت کے بارے میں غلط بیانی کرنے والوں کی سوچ پر افسوس کے سوا کچھ نہیں کیا جاسکتا۔ اگر یہ منصوبہ زرداری یا ان کے حواری بناتے تو لاگت 100 ارب تک چلی جانی تھی اور منصوبہ بھی ادھورا رہنا تھا۔ ماڈل ٹائون میں میٹرو بس پراجیکٹ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ جدید سہولتوں سے آراستہ ماڈرن اورمربوط سفری منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس میں سفر کرنے والا ہر طبقہ وقت پر اپنی منزل پر پہنچ سکے گا۔ منصوبے کی سکیورٹی کیلئے علیحدہ سسٹم تشکیل دیا گیا ہے۔ میٹرو پراجیکٹ کے روٹ پر 45 بسیں چلائی جائیں گی اور یہ جدید ترین ائیرکنڈیشنڈ بسیں لاہور پہنچ چکی ہیں۔میٹرو بس سروس صبح چھ بجے سے رات ساڑھے دس بجے تک بلاتعطل چلے گی۔پیک آورز میں ہر 3 منٹ بعد اور آف آورز میں ہر 6منٹ بعد بس روانہ ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کو حکومت پنجاب نہیں بلکہ ایک خودمختار اتھارٹی چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے انتخابات کے بعد حکومت بنانے کا موقع دیا تو انشاء اللہ میٹرو بس سروس کا اگلا منصوبہ راولپنڈی میں شروع کریں گے اور ایسا عظیم الشان عوامی منصوبہ کراچی میں بھی شروع کیا جائے گا کیونکہ وہاں پر ایسے منصوبے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نے پانچ برس ضائع کئے ہیں۔ ان پانچ برس کے دوران اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے لیکن غریب عوام کو کوئی سفری سہولیات فراہم نہیںکی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ سمیت پنجاب حکومت کا ہر منصوبہ شفافیت اور معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے اور کوئی مائی کا لعل ہمارے کسی منصوبے پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ ہمارا دامن کرپشن کے داغ سے صاف ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی لکی مروت میںسکیورٹی فورسز پر حملے کی شدیدمذمت
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لکی مروت میںشدت پسندوں کے سکیورٹی فورسز کے کیمپ پرحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں جوانوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے ۔انہوں نے ایک مکان میں خود کش دھماکے سے ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے جوانوں اور دیگر افراد کو جواررحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
2 لاکھ طلبا و طالبات کو سولر ہوم سسٹم کی فراہمی حکومت پنجاب کا سنہرا کارنامہ ہے:چوہری عبدالغفور خاں
لاہور(جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ 2 لاکھ طلبا و طالبات کو سولر ہوم سسٹم کی فراہمی حکومت پنجاب کا سنہرا کارنامہ ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پورے ملک کو اندھیرے میں دھکیل دیا ہے جبکہ پنجاب حکومت روشنی پھیلا رہی ہے۔ پنجاب میں اجالا پروگرام شروع کر کے مسلم لیگ ن نے طالب علموں کا بڑا مسئلہ حل کر دیا ہے حکومت پنجاب کی طرف سے ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے سولر ہوم سسٹم کا تحفہ دیا ہے۔ جب طالب علموں کو روشنی ہی نہیں ملے گی تو وہ تعلیم کس طرح حاصل کریں گے۔ تعلیم حاصل کرنے کے لئے وسائل فراہم کرنے کی ذمہ داری وفاقی حکومت پوری نہیں کر رہی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ارفع کریم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جو دیا جلایا وہ ہمیشہ روشن رہے گا: محمد شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کی کم عمر ترین مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل ارفع کریم رندھاوامرحومہ نئی نسل کیلئے عزم وہمت کی علامت ہیں۔ ارفع کریم نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرکے دنیا کو یہ باور کرایا کہ پاکستانی قوم بھی سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔ ارفع کریم کی 18 ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وقت نے اگرچہ ارفع کریم کو زیادہ مہلت نہیں دی تاہم قوم کی اس کمسن اور ہونہار بیٹی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جو دیا جلایا وہ ہمیشہ روشن رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ارفع کریم کی خدمات کے اعتراف میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سافٹ ویئر پارک کو ان کے نام سے منسوب کیا ہے۔ علاوہ ازیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی اہمیت کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ہونہار طالبعلموں کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا جو پروگرام شروع کیا ہے اس کی افادیت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی جارہی ہے۔ آج ارفع کریم اگرچہ ہمارے درمیان موجود نہیں لیکن اپنی خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کاپاکستان والی بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری عبدالخالق کے انتقال پر اظہارتعزیت
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان والی بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری عبدالخالق کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور دکھ کااظہار کیاہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میںمحمدشہبازشریف نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبروتحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
2ارب روپے کی لاگت سے صوبے کے 100کالجوں کو بسوں کی فراہمی طلبا وطالبات کے لئے حکومت پنجاب کا تحفہ ہے، شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2ارب روپے کی لاگت سے قوم کے نونہالوں کی تعلیمی سہولیات کے لئے کالجوں میں بسوں کی فراہمی طلبا و طالبات کے لئے پنجاب حکومت کا تحفہ ہے۔نوجوان نسل کوجدید علوم سے آراستہ کرنے اور انہیں حصول تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لئے جتنے بھی وسائل فراہم کرنا پڑے کریں گے۔ کالجوں کے طلباوطالبات کو بسوں کی فراہمی ایک ایسا فلاحی پروگرام ہے جسے آنے والی حکومت بھی جاری رکھے گی۔”اجالاپروگرام”کے تحت 2لاکھ10ہزار سولر پینلز میرٹ پر طلباو طالبات کو شفاف طریقے سے فراہم کئے جارہے ہیں۔ یہ عوامی پروگرام ملک کے اندھیروں کو اجالوں میں بدل دے گااور ملک کی تعمیر و ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے قوم کی تقدیر بدلے گی ۔بسیں حاصل کرنے والے کالجوں کے پرنسپلز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بسوں کی دیکھ بھال کا مناسب بندوبست کریں۔وہ آج یہاں ماڈل ٹائون میں سرکاری کالجوں کے طلبا و طالبات کے لئے بسوں کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔مشیر زعیم حسین قادری،ممبر قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ، مسلم لیگی رہنما شائستہ پرویز ملک،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور تعلیمی اداروں کے سربراہان نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں کے سربراہان میں بسوں کی چابیاں تقسیم کیں۔ تقریب کے دوران صوبہ بھر کے 100کالجوںکے لئے بسیں فراہم کی گئیں۔ 90بسیں گرلز کالجز جبکہ 10بسیں بوائز کالجز کے پرنسپلز کے حوالے کی گئیں۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میرے لئے خوشی کا دن ہے کہ پنجاب حکومت نے کالجوں کے طلبا وطالبات کی سہولت کے لئے بسوں کی فراہمی کا ایک اور بڑا سنگ میل عبورکیاہے۔ ان بسوں سے قوم کے نونہالوں کو اپنی تعلیم کے حصول میں سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوںنے کہاکہ چین سے درآمد کی گئی آرام دہ ائرکنڈیشنڈ بسیں 100کالجوں کو فراہم کی گئی ہیں اور انتخابات کے بعد آنے والی حکومت اس عوامی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔انہوںنے کہاکہ بسوں کی فراہمی کے حوالے سے 90اور 10کا تناسب اس لئے رکھاگیاہے تاکہ قوم کی بچیوں کو اپنے تعلیمی اداروں میں پہنچنے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہاکہ “اجالاپروگرام”نہ صرف پاکستان کے اندھیروں کو ختم کرے گا بلکہ اس سے طلباوطالبات کے گھر بھی روشن ہوں گے۔حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت آج ملک میں ہر طرف اندھیروں کا بسیرا ہے۔ تعلیمی ادارے، ہسپتال،دفاتر اور صنعتیں اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہیں، بیروزگاری اور غربت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ ایسے میں حکومت پنجاب کا “اجالا پروگرام”امید کی ایک کرن ہے۔ انہوںنے کہاکہ 2لاکھ 10ہزار سولر پینلز طلبا و طالبات میں انتہائی شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کئے جارہے ہیں۔شفافیت ،تیزرفتاری اور معیار پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے اور تمام پروگرام اسی پالیسی کے تحت آگے بڑھائے جارہے ہیں۔ صوبے سے کرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ تاہم آپریشنل اورنچلی سطح پر کچھ کرپشن موجود ہے جس کے خاتمے کے لئے سرجیکل آپریشن کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہا کہ عوامی مفاد کے عظیم الشان منصوبے میٹروبس سروس کا افتتاح 10فروری کو کیاجارہاہے جس سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا۔ا نہوںنے کہاکہ گزشتہ 65سالوں میں اشرافیہ کو ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے قومی اور ذاتی وسائل توخرچ کئے جاتے رہے ہیں لیکن عام آدمی کو نظر انداز کیاگیا۔دنیا کے بہت سے ممالک میں بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم موجود ہے لیکن پاکستان میں عام آدمی اور مزدور کے لئے ٹوٹی پھوٹی بسیں بھی میسر نہیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 11ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والاعام آدمی کا منصوبہ میٹروبس سروس ٹرانسپورٹ کلچر کو بدل دے گا۔یہ منصوبہ صرف لاہور کے لئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام اس سے فائدہ اٹھائیں گے اورایسے منصوبے کراچی سمیت پاکستان کے دیگر بڑے شہروں میں بھی لگنے چاہئیے۔انہوںنے کہاکہ میٹروبس سروس کے عظیم الشان منصوبے سے شہریوں کو ٹریفک جام اور گھنٹوں بسوں کے انتظار کی زحمت سے نجات ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ میٹروبس سروس عام آدمی کا منصوبہ ہے اور اس کا کرایہ بھی اس کی پہنچ میں ہی ہوگا۔انہوںنے کہاکہ ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹر اور بلٹ پروف گاڑیوں میں سفر کرنے والے ہی غریب آدمی کے اس منصوبے پر چیخ و پکار کررہے ہیں۔ایسے عناصر کو غریبوں سے کوئی ہمدردی نہیں۔ انہوںنے کہاکہ میٹروبس میں مجھ سمیت صوبائی وزرائ،اراکین اسمبلی، ڈاکٹرز، انجینئرز، مزدور، ملازم سب سفر کریں گے اور وقت پر اپنی منزل مقصود پر پہنچیں گے۔انہوںنے کہاکہ سبسیڈی کے غیر منصفانہ نظام پراربوں روپے ضائع کیے جاتے ہیں اورسبسیڈی کے اس نظام سے امیر بھی فائدہ اٹھارہے ہیں۔میٹروبس سروس پر دی جانے والی سبسیڈی سے مزدوراور عام آدمی فیض یاب ہوگا۔ میٹروبس کے منصوبے سے ایسا پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام آئے گا جس پر سفر کرکے ہر ایک کو فخر محسوس ہوگا اور وہ سوچنے پر مجبور ہوگا کہ ایسا نظام تو بہت پہلے آجاناچاہئیے تھا۔انہوںنے کہاکہ میٹروبس سسٹم قائد اور اقبال کے تصور کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست کی جانب اہم قدم ہے اور اس منصوبے سے بانیان پاکستان کے تصورپاکستان کی یاد تازہ ہوگی۔انہوںنے کہاکہ بسیں حاصل کرنے والے کالجوں کے سربراہان اور کالج انتطامیہ پر لازم ہے کہ وہ ان بسوں کی دیکھ بھال کے لئے مناب نظام مرتب کریں اور اس سلسلے میں وہ مکمل بااختیار ہیں۔انہوںنے کہاکہ میٹروبس کے روٹ کے قریب واقع تعلیمی اداروں کے سربراہان میٹروبس سٹیشن پر طلباوطالبات کی سہولت کے لئے ویگنوں کا بندوبست کریں تاکہ میٹروبس میں سفرکرنے والے طلبا وطالبات کو اپنے تعلیمی اداروں میں پہنچنے میں آسانی پیدا ہو۔قبل ازیں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر اعجاز منیر نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی تعلیمی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس بھی تعلیمی اداروں کو 81بسیں فراہم کی گئی تھیں اس سال 100کالجوں کو بسیں دی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ سارھے چار سالوں میں 65نئے کالجز بنائے گئے ہیں جبکہ 105کالج زیرتعمیر ہیں۔ انہوںنے کہا کہ صوبہ بھر میں 7نئی یونیورسٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کالج کے پرنسپلز صاحبان کو بسوں کی چابیاں تقسیم کیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ شہبازشریف سے نیول چیف کا عباس شریف کے انتقال پراظہار تعزیت
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے ماڈل ٹائون میں ملاقات کی۔ نیول چیف محمد آصف سندھیلہ نے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف سے ان کے چھوٹے بھائی محمد عباس شریف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔ انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کارگل آپریشن پر مشرف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، تحقیقاتی کمیشن بننا چاہیئے : وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کارگل آپریشن پر سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ پاکستان کی تباہی کے ذمہ دار مشرف ہیں اور تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ تاریخ مشرف کو پاکستان کی تباہی کے حوالے سے یاد رکھے گی کیونکہ پاکستان کو خودکش حملوں اور دہشت گردی میں جھونکنے والے مشرف ہی ہیں۔ کارگل جنگ میں مشرف کی وجہ سے پاکستان دنیا سے الگ تھلگ ہو گیا تھاجبکہ محمد نواز شریف نے پاک فوج کو محفوظ طریقے سے کارگل ایشو سے باہر نکالا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کارگل پر تحقیقاتی کمیشن بننا چاہیئے تاکہ اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جاسکیں۔ انہو ںنے کہا کہ ملک میں جتنی جلدی عام انتخابات ہوجائیں اتنا ہی پاکستان کیلئے بہتر ہوگا۔ ملک عام انتخابات کے التواء کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ عوام سے نیا مینڈیٹ لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہو ںنے کہا کہ میری رائے میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی دن ہونے چاہئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
5 فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ یوم یکجہتی منائیںگے:جماعت اسلامی
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی کی اپیل پر قوم حسب سابق 5 فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ یوم یکجہتی منائے گی ۔ جماعت اسلامی نے اس سلسلہ میں پروگرامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف جلسے جلوس ، ریلیاں اور سیمینار ہوں گے اور ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جن میں جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی و مقامی ذمہ داران کے علاوہ مختلف مذہبی ، و سماجی تنظیموں کے رہنما شریک ہوں گے ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، نائب امیر ڈاکٹر محمد کمال اور میاں محمد اسلم (اسلام آباد)،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں مقصود احمد امیر جماعت اسلامی لاہور ، نائب امیر سراج الحق اور صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان (پشاور) عبدالمتین اخونزادہ ، مولانا عبدالحق ہاشمی (کوئٹہ ) حافظ ساجد انور اور اظہر اقبال حسن (گوجرانوالہ )، سید وقاص انجم جعفری اور وقار ندیم وڑائچ( فیصل آباد )،اسداللہ بھٹو (سکھر ) نظام الدین میمن (حیدر آباد ) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر ، شبیر احمد خان اور مشتاق احمد خان (ایبٹ آباد)امیر العظیم ـ(سیالکوٹ) اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب نذیر احمد جنجوعہ (اٹک) میں عوامی ریلیوں کی قیادت اور پروگراموں سے خطاب کریں گے ۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ 5 فروری ”یوم یکجہتی کشمیر ”سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد کی اپیل پر 1990 ء سے مسلسل منایا جارہاہے ۔ 5 فروری کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام میں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف احتجاج کیا جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہی خطہ میں امن کی ضمانت دے سکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے کہ کشمیر اور فلسطین پر بھارت اور اسرائیل کے ناجائز قبضے کو ختم کروایا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو یکسر نظر انداز کر دیاہے اور کشمیری عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے لیے بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کی تیاریاں ہورہی ہیں اور لاکھوں کشمیری مسلمانوں کے خون سے رنگے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر دوستی کے نغمے گائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے اس شرمناک رویے نے پاکستانی قوم کے سر شرم سے جھکا دیے ہیں ۔ ان کا یہ بزدلانہ اقدام جہاد کشمیر سے عملاً روگردانی ، مسئلہ کشمیر سے چشم پوشی اور مظلوم کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملٹری ڈاکٹرائن میں تبدیلی اور مسئلہ کشمیر اور ازلی دشمن بھارت کی دشمنی کو پس پشت ڈال کر اندرونی دشمنوں سے نمٹنے کو ترجیح اول قرا ر دینا خود کو دھوکہ دینے کے سوا کچھ نہیں کیونکہ یہ بات اب کسی سے چھپی نہیں رہی کہ بھارت اسرائیل اور امریکہ ہی پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دے رہے ہیں اور ریمنڈ ڈیوس کی شکل میں سی آئی اے ، را اور اسرائیلی تخریب کار ایجنسی کے ہزاروں ایجنٹ روزانہ معصوم پاکستانی شہریوں کا قتل عام کرر ہے ہیں اور بلوچستان میں لگی آگ کے پیچھے بھی یہی شیطانی ٹرائیکا ہے جو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچارکر رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بجا طور پر توقع رکھتے ہیں کہ پاکستان ان کو حق خود ارادیت دلانے اور بھارتی قابض افواج کی درندگی اور بھارت کے پنجہ استبداد سے رہا کرانے میں ان کا ساتھ دے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔