لیاری میں گل محمد، سیفی لین میں پولیس داخلے کی کوشش ناکام

Karachi

Karachi

کراچی : (جیو ڈیسک) لیاری میں گل محمد، سیفی لین میں پولیس داخلے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ دستی بم اور راکٹ حملے جاری ہیں۔ کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس آپریشن کے دوران ملزمان کے راکٹ حملے میں ایک پولیس اہل کار شہید ہو گیا، جبکہ لی مارکیٹ کے قریب ہوٹل پر راکٹ حملے سے 10 افراد زخمی ہو گئے۔ لیاری آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق چیل چوک کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر راکٹ حملہ کیا گیا جس کے باعث ریپڈ رسپانس فورس کا سپاہی طفیل شہید ہو گیا۔ دوسری جانب لی مارکیٹ کے قریب ہوٹل کی بلائی منزل میں واقع مسافر خانے پر راکٹ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں رات بارہ بجے کے بعد سے فائرنگ اور دستی بم پھٹنے سے مزید چار افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال لایا گیا۔ رات گئے سی آئی ڈی کی جانب سے سیفی لین اور گل محمد لین میں پیش قدمی کی کوشش کی گئی لیکن وہاں بھی ملزمان نے بکتر بند گاڑی کو دستی بموں سے نشانہ بنایا جس کے بعد پولیس کی نفری وآپس لوٹ گئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آپریشن کے باعث ان کا رہنا مشکل ہو گیا ہے اور وہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، لیاری میں صورت حال اب بھی کشیدہ ہے فائرنگ، دستی بموں اور راکٹ حملوں کا سلسلہ وقفے قفے سے جاری ہے۔