مادھوری کا بھارت میں مستقل قیام کا فیصلہ، فلمی دنیا میں بھی واپسی

Madhuri main

Madhuri main

بالی ووڈ ایکٹریس مادھوری ڈکشت نے امریکہ چھوڑ کر ایک مرتبہ پھر بھارت جانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر پر مادھوری نے لکھا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کے لئے بھارت واپس آرہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ 15 سالوں بعد اپنے وطن لوٹنا ایسا ہی ہے جیسے کوئی اپنے گھر لوٹ کرآرہا ہو۔ہندی فلموں میں بہترین اداکاری اور اپنے رقص کی وجہ سے نمبر ون رہنے والی مادھوری ڈکشت نے 1999 میں اس وقت اچانک شادی کرلی تھی جب ان کا کیرئیر عروج پر تھا۔ انہوں نے بھارتی نژاد امریکی ڈاکٹر شری رام نینے سے شادی کے بعد امریکی ریاست ڈینور میں مستقل سکونت اختیار کرلی تھی۔سن2007 میں انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام ” آجا نچ لے ” سے اپنی شوبزنس میں واپسی کو ممکن بنایا تھا ۔ اب بھی ان کے پاس کئی فلموں کی آفر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ممبئی لوٹنے کا پروگرام انہوں نے کافی پہلے ترتیب دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے بچے بھارتی ماحول کو بھی سمجھیں۔مادھوری کے دو بچے ہیں اور دونوں ہی لڑکے ہیں۔ بڑا بیٹا تیسری کلاس میں جبکہ دوسرا پہلی کلاس میں ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ مادھوری فی الحال ممبئی میں جوہو میں واقع اپنے پرانے اپارٹمنٹ میں ہی رہائش اختیار کریں گی۔