ماربل کی برآمدات میں اضافہ ہوگیا

marble

marble

بلوچستان: (جیو ڈیسک) رواں مالی سال کے 10ماہ کے دوران ماربل کی برآمدات 75 لاکھ 20 ہزار ڈالر اضافے کے ساتھ 3 کروڑ 98 لاکھ 20 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔ آل پاکستان ماربل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ثنا اللہ خان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ توانائی بحران کے باعث ماربل کی برآمدات اور پیداوار میں سست روی کے باوجود سال 2012 کے دوران ماربل کی 10کروڑ ڈالر کی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں امن وامان کی صورت حال کو بہتر بنا کر اور معدنیات کے شعبے میں اصلاحی اقدامات سے ماربل سمیت دیگر قیمتی پتھروں سے اربوں ڈالر زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت تجارت اورٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عالمی سطح پر نئی منڈیاں تلاش کرکے معدنیات کی برآمدات میں اضافہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کے شعبہ کو فروغ دے کر شرح نمو میں بھی بہتری لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جولائی 2011 سے مئی 2012 تک ماربل کی برآمدات 75 لاکھ ڈالرکے اضافے کے ساتھ 3 کروڑ 98 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئی ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔