متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ، راجہ پرویز اشرف

raja pervez ashraf

raja pervez ashraf

اسلام آباد : وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت نے جو پانچواں بجٹ پیش کیا ہے وہ متوازن اور عوام دوست ہے اور اس میں پاکستانی عوام کی بنیادی ضرورتوں کا خیال رکھتے ہوئے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے جو ہنگامہ آرائی کی وہ افسوسناک ہے تاہم احتجاج کرنا ان کا جمہوری حق ہے۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ موجودہ وفاقی بجٹ کا یہ سب سے بڑا طرہ امتیاز ہے کہ اس بجٹ میں کوئی بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے بجٹ میں جو حکمت عملی بنائی گئی ہے یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جمہوری حکومت کا موجودہ پانچواں بجٹ پاکستان کے عوام کیلئے ایک نئی صبح کا آغاز کرے گا، جو حالات اس وقت پوری دنیا اور پاکستان میں ہیں، ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ پارلیمنٹ پانچویں سال میں داخل ہو گئی ہے۔