مخالفین کے ہر حملے کا توڑ ہے۔ صدر زرداری

zardari

zardari

پاکستان : (جیو ڈیسک) صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ تاریخ میں فرد یا عدالتوں کے بجائے عوامی فیصلے یاد رکھے جاتے ہیں آج بھی اسٹیبلشمنٹ عوام کے خلاف کام کررہی ہے۔ بھٹو کیس اٹھانے میں تیس سال لگتے ہیں مگر کرائے کے بجلی گھروں میں کرپشن کا فیصلہ تین ماہ میں آگیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ ان کے پاس مخالفوں کے ہر حملے کا توڑ ہے۔

صدر آصف زرداری نے خطاب کے آغاز میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا پچھلی برسی پر امید تھی عدلیہ تاریخ پر لگے دھبے کو مٹا دے گی۔ صدرزرداری نے کہا کہ وزیراعظم گیلانی ان سے محبت کی نہیں تخت لاہور کی مخالفت کی سزا پارہے ہیں۔ سپریم کورٹ کو لاڑکانہ میں چالیس میگاواٹ کے پاور پراجیکٹ پر تشویش ہے مگر عوامی قیادت کا کوئی احساس نہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں لسانی بنیادوں پر لڑانے کی سازش کا بھی ذکر کیا۔

صدر نے کہا کہ ہماری جنگ کسی قوم سے نہیں بلکہ غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور دھرتی کے دشمنوں سے ہے۔انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن شفاف ہوں گے۔ صدر زرداری نے کہا کہ ان کے پاس مخالفوں کے ہر حملے کا توڑ موجود ہے۔ان کا کہنا تھاکہ عوام کا فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جاتا ہے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن عوام کی طاقت پر سپریم کورٹ میں مقدمات لڑ رہے ہیں۔