مختلف شہروں میں بارش کے دوران حادثات سے 36 افراد جاں بحق

Punjab rain accidents

Punjab rain accidents

پاکستان (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے سے 36 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔پاکپتن کے محلہ عید گاہ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے جبکہ محلہ اسلام کالونی میں ایک گھر کی چھت گر گئی جس سے چار بچے زخمی ہوگئے۔ چنیوٹ میں بارش سے گھر کی چھت گر گئی جس سے خاتون ہلاک ہوگئی۔ لاہور کے علاقے گوالمنڈی میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے پینتیس سالہ لطیف اور اس کی اہلیہ ریحانہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ کوٹ مٹھن میں کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ چونیاں میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ فیصل آباد میں چھت گرنے اور کرنٹ لگنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔

کمالیہ میں بارش کے دوران مکان کی چھت گر گئی جس سے بچے سمیت3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میاں چنوں میں چھت گرنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ ڈیرہ غازی خان میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے تین بچوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ رحیم یار خان کی بستی جیون شاہ میں مکان کی چھت گر گئی جس سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ رجانہ میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ممتاز بی بی اور اس کی بیٹی نسرین جاں بحق ہو گئی۔ ساہیوال میں بستی سنپال میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ مظفر گڑھ میں کئی گھروں کی دیواریں اور چھتیں گر گئیں جس سے دو بچے جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تین مکا نوں کی چھتیں گر گئیں جس سے دوبچوں سمیت 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور 7 زخمی ہو گئے۔

ملتان میں بہاولپور روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے جبکہ حضوری باغ روڈ پر کرنٹ لگنے سینوجوان جاں بحق ہوگیا۔ ننکانہ صاحب غلہ منڈی کے رہائشی محمد سلیم کے مکان کی چھت گر گئی جس سے اس کی بیوی عائشہ اور ایک سالہ بیٹی طیبہ زخمی ہو گئیں۔ راجن پور میں چھتیں گرنیسیایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ اندرون سندھ کے علاقے دوڑ میں مکان کی چھت گر گئی جس سے پانچ سالہ بچہ ہلاک ہوگیا۔

سانگھر میں بارش سے پیش آنیوالے حادثات میں 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شجاع آباد میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ ہلاک ہوگیا۔ ٹھل کے نواحی گاں میں بھی گھر کی چھت گر نے سے ایک بچہ اور 50 سالہ شخص جاں بحق ہو گئے۔ ہالہ میں دیوار گرنے سے پچاس سالہ شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔