مشیرداخلہ رحمان ملک کی وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے ملاقات

rehman malik

rehman malik

کراچی (جیوڈیسک)وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے آج وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی ۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ سے باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور صوبہ باالخصوص کراچی جوکہ ملک کا معاشی حب ہے کے امن و امان کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کراچی کی موجودہ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اور فیصلہ کیا گیا کہ بھتہ خوروں، ٹارگیٹ کلرز اور پرچی مافیا جوکہ تاجروں اور کاروباری افراد کو پرچیاں بھیجتے ہیں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر کہیں بھی کوئی جرم ہوا تو متعلقہ علاقہ کا ایس ایچ او اس کاذمہ دار ہوگا۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ آئی جی پولیس سندھ اور محکمہ پولیس کے تحت تمام ایجنسیاں بشمول سی آئی ڈی اور اسپیشل برانچ جرائم کی بیخ کنی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اور کاوشیں کرینگے۔

فطرے کی رقم جمع کرنے کے متعلق کہا گیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان پہلے ہی ہدایات دے چکے ہیں کہ خواہشمند افراد یا اداروں کو چاہیے کہ ٹینٹ لگائیں جہاں پر لوگ فطرے کی رقم جمع کراسکتے ہیں جبکہ گاڑیوں پر افراد کو فطرے کی رقم جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی یہ بھی فیصلہ ہوا کہ پرچی مافیا کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے وزیراعلی سندھ کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کی تمام ایجنسیاں سماج دشمن عناصر اور مجرموں کے قلع قمع کے لئے تمام ممکنہ مدد اور تعاون فراہم کریں گی۔