مصر، بحرین میں احتجاج، شام میں مظاہرین کے خلاف کارروائی

Cairo

Cairo

مصر : (جیو ڈیسک) ایک بار پھر فوجی حکومت کے خلاف عوامی احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بحرین میں کار ریس کے خلاف مظاہرے کئے جارہے ہیں جبکہ شام میں جنگ بندی کے باوجود مظاہرین کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر جمع ہونے والے ہزاروں افراد نے فوجی حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ فوج اقتدار فوری طور پر سویلین قیادت کے حوالے کرے۔

مظاہرے میں گزشتہ ہفتے نااہل قرار دیئے گئے دس صدارتی امیدواروں کی پارٹیاں بھی شامل تھیں۔ ادھر بحرین کے دارالحکومت مناما میں ہزاروں افراد نے ریلی نکالی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متنازع گرینڈ پری کار ریس کو منسوخ کرے۔

وہیں شام میں جنگ بندی کے باوجود سرکاری فوج نے حما شہر میں مظاہرین پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں انتیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ شام کے ایک اور شہر میں سڑک کنارے بم دھماکے میں دس سرکاری فوجی ہلاک ہو گئے۔