ملالہ کی موت سے لڑائی جاری، دماغ کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا: رپورٹ

Malala Yousafzai

Malala Yousafzai

راولپنڈی(جیوڈیسک)عزم و ہمت کی علامت ملالہ یوسف زئی ہسپتال میں اپنی موت سے بھی بھرپور انداز میں لڑ رہی ہے۔ سی ٹی سکین رپورٹ کے مطابق ملالہ کے دماغ کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔

امن کی سفیر ملالہ یوسف زئی نے محض چودہ سال کی عمر میں شدت پسندی کا جواں مردی سے مقابلہ کیا اور اب وہ زندگی بچانے کے لیے موت کے ساتھ بھی جنگ لڑ رہی ہے۔ راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اس کی طبعیت میں قدرے بہتری کے آثار پائے جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ملالہ یوسف زئی کا سی ٹی سکین کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملالہ کے سر کی ہڈی کو نقصان پہنچا ہے تاہم دماغ کو زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ ملالہ یوسف زئی تاحال وینٹی لیٹر مشین پر ہے۔ اس کے چہرے اور سر پر سوجن موجود ہے۔ ڈاکٹر اسے ری لیکسینٹ اور اینٹی بائیٹکس ادویات دے رہے ہیں۔ پاک فوج کے سرجن جنرل معاملے کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ سٹاف کے علاوہ کسی کو بھی آئی سی ٹی وارڈ میں جانے کی اجازت نہیں۔ ہسپتال میں سیکیورٹی بھی ہائی الرٹ ہے۔