ملکہ اور گردو نواح کے علا قوں میں گیس ری فلنگ کا غیر قانونی دھندہ عروج پر

ملکہ(عمر فاروق اعوان) ملکہ اور گردو نواح کے علا قوں میں گیس ری فلنگ کا غیر قانونی دھندہ عروج پر، غیر معیاری اور ناقص میٹریل سے تیار شدہ سلنڈر حادثات کا سبب بننے لگے۔ غیر معیاری سلنڈر پھٹنے سے کئی خواتین لقمہ اجل بن چکی ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملکہ اور گردونواح کے علاقوں میں غیر قانونی گیس ری فلنگ کا دھندہ کرنے والے دکاندار حضرات غیر معیاری میٹریل سے تیار کئے ہوئے سلنڈر دھڑلے سے فروخت کر رہے ہیں۔جس کی وجہ سے آئے روز حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ غیر معیاری سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے کئی جگہوں پر آگ لگنے کے واقعات سامنے آئے ہیں جس سے کئی خواتین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں۔

مگر یہ غیر قانونی دھندہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ جگہ جگہ غیر قانونی دکانیں بن چکی ہیں مین روڈملکہ پر گیس ری فلنگ کرنے والوں نے روڈ پر سلنڈر رکھ کر روڈبھی بند کر رکھی ہے جو کسی بھی وقت حادثات کا باعث بن سکتے ہیں۔

مگر کوئی بھی ان کو پوچھنے والا نہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے DCOگجرات اور دیگر ضلعی انتظامیہ سے بھر پور مطالبہ کیا ہے کہ ملکہ اور ارگرد کے علاقوں میں گیس ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔