گجرات کی خبریں 12-01-2013

آرائیں موومنٹ ضلع گجرات کے زیر اہتمام آج تقریب منعقد ہو گی
گجرات (جی پی آئی)آرائیں موومنٹ ضلع گجرات کے زیر اہتمام آج 13جنوری 2013ء بروز اتوار صبح دس بجے قمر سیالوی روڈ گجرات پر آرائیں موومنٹ کے بانی و قائد چوہدری محمد طفیل مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے تقریب تقسیم سلائی ، مشینیں ، بیساکھیاں اور ویل چیئرز منعقد ہو گی ، تقریب کی صدارت آرائیں موومنٹ ضلع گجرات کے سرپرست اعلیٰ چوہدری جمشید اقبال کرینگے ، تقریب کے مہمانان گرامی میں صدر انجمن آرائیاں پاکستان میاں محمد سعید ڈیرے والے ، جنرل سیکرٹری انجمن آرائیاں پاکستان ، ملک محمد اکبر آرائیں ، انجمن آرائیاں پنجاب کے نائب صدر مہر سعید انور سونی ، ڈی پی او گجرات راجہ بشارت علی ،ڈی سی او گجرات نوازش علی ، سابق ایم پی اے وسرپرست اعلیٰ انجمن بہبودی مریضاں گجرات میاں عبدالرشید پگانوالہ ، صدر انجمن بہبودی مریضاں میاں اعجاز احمد ، صدر خواجگان ویلفیئر سوسائٹی سیٹھ زاہد حسین ، صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عدنان اقبال مکی ، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گجرات ، ڈاکٹر مقصود زاہد ، صدر پاٹری ایسوسی ایشن حاجی محمد اعظم رحمانی، سابق صدر گجرات چیمبر آف کامرس مرزا امتیاز احمد ، صدر گجرات پریس کلب وقار گیلانی، پرنسپل حشمت میڈیکل کالج پروفیسر محمد عارف، پرنسپل گجرات کالج آف کامرس پروفیسر محمد اقبال، طاہر صادق بٹ ایڈووکیٹ و دیگر شامل ہیں، آرائیں موومنٹ کے عہدیداران نے تقریب کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں ،تقریب میں 365مستحق مرد و خواتین میں سلائی مشینیں، 20عدد وتک چیئرز اور 20عدد بیساکھیاں تقسیم کیں جائیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اگر انصاف نہ ملا تو ،سانحہ کوئٹہ پر اسلام آباد تک مارچ کرینگے :علامہ محمد زمان حسینی ، سید الطاف عباس کاظمی
گجرات (جی پی آئی)شیعہ علمائے کونسل پنجاب کے نائب صدر علامہ محمد زمان حسینی نے سانحہ کوئٹہ کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کوئٹہ میں احتجاج کرنے والے افراد کے شانہ بشانہ ہیں ، اور تمام امام بارگاہوں میں سوگ کا عالم ہے ، اگر بلوچستان کی حکومت نے اب بھی کوئی عملی اقدامات نہ کیے تو بلوچستان سے اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائیگا ، اور اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے ، انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ نے ہمیشہ ملکی قوانین کا احترام کیا ہے ، لیکن افسوس کے قانون نافذ کرنے والے ادارے کوئٹہ سمیت ملک بھر میں ملت جعفریہ اور دیگر شیعہ راہنمائوں پر ہونے والے حملوں پر خاموش بیٹھے ہوئے ہیں ، صرف طفل تسلیوں سے اب کام نہیں چلے گا ، جبکہ اس موقع پر سید الطاف عباس کاظمی نے کہا کہ ملت جعفریہ اور شیعہ علمائے کونسل دہشت گردی کے تمام واقعات کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور حکومتی اداروں کی ناکامی کی وجہ سے سانحہ کوئٹہ رونما ہوا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بعد ضلع گجرات میں پٹرول بحران بھی پیدا ہو گیا
گجرات (جی پی آئی )بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بعد ضلع گجرات میں پٹرول بحران بھی پیدا ہو گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق تحریک منہاج القرآن کی جانب سے شروع کیے جانے والے لانگ مارچ کے موقع پر ضلع گجرات کے پٹرول پمپوں پر پٹرول کی فروخت بند کر دی گئی ہے ، جس کی وجہ سے عوام کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، اور ٹرانسپورٹروں نے از خود کرایوں میں اضافہ کر لیا ہے ، اس سلسلہ میں ضلعی حکومت اور پنجاب حکومت نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، عوام کا کہنا ہے کہ حکومت اور اس کے اداروں کی کارکردگی تو گزشتہ پانچ سالوں سے دیکھی جا رہی ہے ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کے باوجود غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ تو ہو نہیں سکا ، اب دو دن کیلئے پٹرول بند کر دیا گیا ہے ، جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، حکومت کو لانگ مارچ کے ڈر سے ایسے اقدامات نہیں کرنے چاہے تھے ، کیونکہ اس سے قبل بھی کئی سیاسی اور دینی جماعتیں لانگ مارچ کرتی رہی ہیں اور اس کا بھی سیاست دانوں پر کوئی اثر نہیں پڑا ، ماہ سوائے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی چاپلوسی کے ، کیونکہ آج کل تمام سیاسی جماعتوں میں غیر ملکی شہریت رکھنے والے افراد کا قبضہ ہے ، اور علامہ طاہر القادری کوئی نئی چیز لیکر نہیں آئے ان کو بھی سیاسی شوق پورا کرنا چاہیے ، اور اتحادی حکومت کو سب جماعتوں کو موقع دینا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈی سی او گجرات کا لانگ مارچ کے شرکاء کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
گجرات(جی پی آئی)ڈی سی او نوازش علی نے ڈی پی او بشارت محمود کے ہمراہ شاہین چوک کا دورہ کیا اور تحریک منہاج القران کے لانگ مار چ کے شرکاء کی سکیورٹی کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے استقبالی کیمپ میں سٹی صدر علامہ مظہر، ضلعی صدرمنہاج القرآن یوتھ ونگ یوسف غفور،صدر سپریم کونسل فرانس ظفر اقبال، علی محمد اور دیگر راہنمائوں سے ملاقات کی۔ڈی سی او نوازش علی نے کہا کہ لانگ مارچ میں شرکت کے لئے آنے والے قافلوں اور اور گجرات سے شامل ہونے والے افرادکی حفاظت کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے شرکاء کی شناخت اور تلاشی منہاج القرآن کے مقامی عہدے داروں پر عائد ہوگی جبکہ انتظامیہ اس مقصد کے لئے درکار میٹیل ڈیٹکیٹر فراہم کر دے گی۔انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے عہدے دار قافلے میں شامل تما م گاڑیوں اور عملہ کے بارے میں معلومات ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ لانگ مارچ کے شرکاء قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں۔انہوں نے منہاج القرآن کے راہنمائوں کی نشاندہی پر متعدد مقامات پر سکیورٹی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر علامہ مظہر اور یوسف غفور و دیگر نے یقین دلایا کہ لاء اینڈ آرڈر بر قرار رکھنے کے لئے انتظامیہ اور پولیس سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔
—————-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈی سی او گجرات نے دفعہ 144نافذ کر دی ، اسلحہ کی نمائش پر پابندی
گجرات(جی پی آئی)ایڈمنسٹریٹر/ ڈی سی او نوازش علی نے لانگ مارچ کے دوران لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لئے دو یوم کے لئے دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے ہر قسم کے آتشیں اسلحہ کی نمائش، آتشیں اسلحہ گاڑیوں میںساتھ لے جانے اور آتش بازی اور کریکر ز رکھنے اور چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ حکم آج 13جنوری سے 14جنوری تک نافذ العمل رہے گا۔ڈی سی او نوازش علی نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف مجاز عدالت میں قانون کے مطابق مقدمہ چلایا جائے گا۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ لوکل پبلک کی طرف سے قائم کردہ ہر چیک پوائنٹ کا دورہ کریں ، تمام گاڑیوں کی چیکنگ کر کے یقینی بنایا جائے کہ کسی گاڑی میں آتشیں اسلحہ نہ لے جایا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

شادیوال پیپلزپارٹی کے ممتاز راہنما چوہدری ارشاد محمد دراجی نے گزشتہ روز مصروف ترین دین گزارا
گجرات (جی پی آئی )شادیوال پیپلزپارٹی کے ممتاز راہنما چوہدری ارشاد محمد دراجی نے گزشتہ روز مصروف ترین دین گزارا ۔ انہوں نے چوہدری احمد مختار کے کہنے پر اپنی سیاسی مصروفیات تیز کردی گزشتہ روز انہوں نے شادیوال اور دیگر دیہات میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور سیاسی وکاروباری سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں ۔اور وزیرآباد میں پیپلزپارٹی کے راہنما چوہدری الیاس آف وزیرآباد کے چھوٹے بھائی چوہدری امتیاز کی وفات پر فاتحہ خوانی اور اظہار تعزیت بھی کیا ۔ ان کے ہمراہ چوہدری مصطفی آف جرمنی ، چوہدری ضیاء اللہ آف جرمنی ، چوہدری اصغر وزیرآباد ، چوہدری محمد اکرم آف شادیوال ، چوہدری محمد اکر م چوہدری شہزاد ، چوہدری مبشر آف شادیوال ، چوہدری خالد وزیرآباد ، چوہدری مصور چیمہ آف رندھیر ، چوہدری ارشادمحمددراجی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکا سکتی ہے شادیوال اور گردونواح میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے فصلی بیٹروں کو شادیوال میں عبرتناک شکست دیں گے اور پیپلزپارٹی کو مضبوط اور مزید فعال کرینگے ۔آنے والا دور پیپلزپارٹی کا ہی ہے ۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیحی دی ۔ اور انسانی خدمت اپنے فرض سمجھ کر کی ۔ انشاء اللہ تعالیٰ حلقہ این اے 105میں چوہدری احمد مختار ہی قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے ۔ اور سابقہ الیکشن سے مزید بہتر لیڈر سے کامیاب ہونگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

انجمن تاجران کے نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد
گجرات (جی پی آئی )انجمن تاجران ٹریڈر یونین شاہدولہ روڈ گجرات کے عہدیداران ڈاکٹر تجمل حسین عادل صدر ، شعیب انور جنرل سیکرٹری ، سینئر نائب صدر راجہ طاہر اقبال ، نائب صدر راجہ ذیشان ناصر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہم انجمن تاجران سرکلر روڈ کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، جن میں صدر عتیق الرشید ، نائب صدر امان اللہ بٹ ، جنرل سیکرٹری حامد حسین ودیگر عہدیداران کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ، اور امید کرتے ہیں کہ یہ منتخب کابینہ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے اور تاجرکمیونٹی کو مزید فعال کرئینگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قومی وطن پارٹی اور پاکستانی قوم کسی صورت بھی اپنے ملک میں بیرونی مداخلت برداشت نہیں کر ے گی:محمد فیصل میر
گجرات ( جی پی آئی) قومی وطن پارٹی شیرپائوکے محمد فیصل میرنے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی اور پاکستانی قوم کسی صورت بھی اپنے ملک میں بیرونی مداخلت برداشت نہیں کر ے گی چاہے وہ فاٹا ،سرحد ہو یا بلوچستان حکمران اتحاد میں شامل جماعت کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے کہ افغانستان میں کوئی جنگ نہیں ہے اور اصل میدان جنگ پاکستان ہے محمد فیصل میرنے اس بات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعویٰ انتہائی افسوسناک ہے اگر افغانستان میں کوئی جنگ نہیں تو پھر امریکہ مزید افواج کیوں بھیج رہا ہے ۔انھوں نے اس بات کو قطعی طور پر غلط قرار دیا کہ جنگ پاکستان کی سرحد پر موجود ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس قسم کا منطق اور استدلال امریکہ اور افغانستان پیش کر رہے ہیں لیکن ان کے پاس اس سلسلے میں کوئی ثبوت موجود نہیں ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکمران اتحاد میں شامل سیاسی جماعت کو بیرونی اشاروں پر چلنے کی بجائے محتاط رویہ اپنا کر پاکستان کے مفاد میں کام کرنا چاہیے۔ محمد فیصل میرنے کہا کہ مذکورہ جماعت کو شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کیلئے ٹائم فریم کا مطالبہ کرنے کی بجائے دیکھنا چاہیے کہ پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد پہلے سے موجود ہے اور اس پر عمل کرنے سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے ۔انھوں نے کہا کہ اب یہ حکمران اتحاد پر منحصر ہے کہ اس قرارداد کو عملی جامعہ پہنائے۔ انھوں نے کہا کہ ان مسائل کا حل پاکستان میں موجود ہے اور جو لوگ اس قسم کی بیان بازی کرتے ہیں وہ دراصل ملک کی سالمیت کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ حکمران اتحاد میں موجود جماعتوں میں تضادات پائے جا رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کسی بھی ایشو پر ان میں ہم آہنگی کا فقدان ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔