ملک بھر میں ریٹیل شاپس پر موبائل سموں کی فروخت بند

Mobile Sim

Mobile Sim

اسلام آباد(جیوڈیسک)ملک بھرمیں یکم دسمبر سے دکانوں پر موبائل سم کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیٹلائیٹ فون بغیر رجسٹریشن استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اسلام آباد میں امن وامان کے حوالے سے وزیرداخلہ رحمان ملک کی زیرصدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں کے پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر موبائل فون سمز کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے جن میں دکانوں پر موبائل سمز کی فروخت، موبائل پورٹیبلیٹی،سیٹلائیٹ فون پی ٹی اے کی رجسٹریشن کے بغیر بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ اس محرم میں دہشت گرد بھرپور حملہ کرسکتے ہیں جس کے لئے محرم کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے لئے چاروں صوبوں میں ہیلی کاپٹرز اور کیمرے فراہم کئے جائیں گے۔

یوٹیوب کے حوالے سے انہوں نے ایک چار رکنی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا جو ملک بھر میں انٹرنیٹ کے مواد کو فلٹر کرنے والا سافٹ وئیر خریدیں گے جس کے بعد یوٹیوب کو کھول دیا جائے گا۔ اس سافٹ وئیر کی مدد سے اسلام مخالف،پاکستان مخالف اور جنسی مواد کو بلاک کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ماہ کے آخر میں ان کے دورہ بھارت میں ویزہ پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔